پاکستان میں مخدوش عمارت منہدم ، 6افراد ہلاک

کراچی ۔ 18 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں ایک مخدوش 3 منزلہ عمارت کے منہدم ہوجانے کے حادثہ میں 6افراد بشمول ایک خاتون اور ایک بچہ ہلاک ہوگئے ۔ بچاؤ کاری عملہ نے ملبہ میں دبی ہوئی نعشوں اور دیگر کچھ لوگوں کو باہر نکالا ۔ یہ حادثہ لیاقت آباد ٹاون میں رونما ہوا ۔ زخمیوں کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے جبکہ مزید افراد کے ملبہ میں پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ملبہ سے اب تک صرف چار نعشیں نکالی گئی ہیں جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ کی نعش بھی شامل ہے ۔ ایک عینی شاہد کے مطابق مخدوش عمارت میں 20 افراد رہائش پذیر تھے حالانکہ عمارت مخدوش تھی لیکن حالیہ دنوں میں اس میں تیسری منزل کا اضافہ کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سنٹرل کیپٹن ( ریٹائرڈ ) فرید الدین مصطفی نے کہا کہ منہدمہ عمارت کراچی کی 300 مخدوش عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں تھی ۔