پاکستان میں رویت ہلال ویب سائیٹ کی لانچنگ ، عیدالفطر 5 جون کو

اسلام آباد ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں بالآخر پہلی بار رویت ہلال (چاند دیکھنا) ویب سائیٹ کی لانچنگ عمل میں آئی جس کے ذریعہ اہم قمری مہینوں کے آغاز کا بروقت اور غیرمتنازعہ فیصلہ کیا جاسکے گا جن میں رمضان المبارک کا آغاز اور عید کے تہواروں کو منانا شامل ہے۔ ویب سائیٹ
pakmoonsighting.pk
کا اتوار کو افتتاح عمل میں آیا۔ یاد رہیکہ صرف دو ہفتہ قبل وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹکنالوجی فواد چودھری نے سائنسی قمری کیلینڈر کی تیاری سے متعلق اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویب سائیٹ کے ذریعہ اہم اسلامی مہینوں اور تہواروں کی قطعی تاریخ کا پتہ چل جائے گا جیسے رمضان المبارک، عیدالفطر، عیدالاضحی اور محرم۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اس ویب سائیٹ کی لانچنگ کے بعد چاند دکھائی دینے یا نہ دکھائی دینے کا تنازعہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ویب سائیٹ سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر اسلامی ممالک بھی استفادہ کرتے ہوئے تنازعات سے دور رہ سکتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ پاکستان میں عیدین اور رمضان المبارک کے آغاز کیلئے ہمیشہ تنازعہ پیدا ہوتا رہا ہے۔ مختلف خطوں میں چاند دیکھے جانے اور نہ دیکھے جانے پر تنازعہ پیدا ہوتا تھا جس کی وجہ سے خصوصی طور پر عیدالفطر دو الگ الگ دن منائی جاتی تھی اور رمضان المبارک میں بھی روزوں کا آغاز ایک دن آگے پیچھے ہوجایا کرتا تھا۔ جاریہ سال خیبرپختونخواہ میں رمضان المبارک کا آغاز 6 مئی کو ہوا جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں 7 مئی سے آغاز ہوا۔ لہٰذا اب ان تنازعات سے نمٹ لیا گیا ہے اور آنے والی عیدالفطر 5 جون کو منائی جائے گی۔