پاکستان میں خودکش بم حملہ میں 15 افراد ہلاک

کراچی ۔ 13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ایک پولیو سنٹر کے باہر خودکش بم حملے میں کم و بیش 15 افراد ہلاک ہوگئے جن میں اکثریت سکیورٹی فورسیس کی تھی جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد دس بتائی گئی ہے ۔ دریں اثناء بلوچستان کے وزیرداخلہ میر سرفرازبگٹی نے دھماکہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ کسی خودکش بم حملہ آور نے کیا ہے۔ مہلوکین میں 12 پولیس اہلکار ، نیم فوجی دستہ کے ایک رکن اور دو شہری ہلاک ہوئے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے دھماکے کی زوردار آواز سننے کے بعد فائرنگ کی آواز بھی سنی ۔ زخمیوں کو سیول ہاسپٹل کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جس کے بعد ایمرجنسی کا اعلان بھی کیا گیاہے ۔ بعد ازاں انٹلیجنس کے ایک عہدیدار نے بھی خودکش حملہ کی توثیق کی کیونکہ کچھ ہی فاصلہ پر خودکش حملہ آوروں کے جسم کے ٹکڑوں کو جو بکھرے ہوئے تھے ، ایک جگہ جمع کیاگیا کیونکہ اب جسم کے ٹکڑوں کے ذریعہ تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا ۔