ہر بچے کیلئے تعلیم انتہائی اہم ، ملالہ یوسف زئی
ڈاؤس ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ ان کا مقصد خواتین کو با اختیار بنانا ہے اور وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے میں کوشاں ہیں۔ڈاؤس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے اپنے مستقبل سے متعلق کہا کہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان جاناچاہتی ہیں لیکن فی الحال مستقبل کا کچھ بھی نہیں سوچا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر بچے کے لیے تعلیم انتہائی اہم ہے، تعلیم جتنی مردوں کے لیے اہم ہے اتنی ہی خواتین کے لیے بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا لڑکیوں کا حق ہے۔ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ جتنی لڑکیاں اسکول جاسکتی ہیں وہ انہیں اسکول بھیجیں تاکہ خواتین کے تعلیم یافتہ ہونے سے معاشرے میں ان کا مقام مضبوط ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تبدیلی ایک دن میں نہیں آسکتی ‘ اس کے لیے انتھک محنت کرنی پڑے گی جس کے لیے وہ ہمت نہیں ہاریں گی۔