پاکستانی ہیلی کاپٹر نے ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی

نئی دہلی 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہیلی کاپٹر نے جس میں مقبوضہ کشمیر کے ایک اعلی عہدیدار سوار تھے ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کا یہ واقعہ اتوار کو جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں پیش آیا ۔ تاہم یہ ہیلی کاپٹر ہندوستانی فوج کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے بعد واپس ہوگیا ۔ اس واقعہ کے چند گھنٹوں کے اندر مقبوضہ کشمیر کے عہدیدار فاروق حیدر خان نے ادعا کیا کہ ان کا ہیلی کاپٹر پاکستانی فضائی حدود کے اندر تھا جب اس پر ہندوستانی افواج نے فائرنگ کی ۔ ان کے دفتر کے بیان میں کہا گیا کہ ہندوستانی فوج نے یہ ظاہر کرنے کیلئے فائرنگ کی کہ پاکستان نے ان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے تاہم جب فائرنگ ہوئی اس وقت ہم خود اپنی فضائی حدود میں تھے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ پونچھ سیکٹر میں ہاویلی ضلع میں پیش آیا جب مقبوضہ کشمیر کے لیڈر ایک قریبی گاوں جا رہے تھے ۔ قبل ازیں دن میں ہندوستانی فوج کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ ایک پاکستانی ہیلی کاپٹر نے جموں و کشمیر میں دو پہر 12.10 بجے ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے ۔