پاکستانی قیادت کو سخت انتباہ

۔18 جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی : مودی
کوزی کوڈ(کیرالا)۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس کی قیادت کو خبردار کیا کہ اُری دہشت گرد حملے کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور 18 جوانوں کی قربانی ضائع نہیں ہوگی۔ گزشتہ ہفتہ سرحد پار سے گھس آئے دہشت گردوں کے حملے کے بعد پہلی مرتبہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان سفارتی سطح پر پاکستان کو یکا و تنہا کرنے کی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ دہشت گردی کی برآمد ،بے قصور افراد کی ہلاکتوں اور ان کا خون جو بہایا جارہا ہے ، اسے بے نقاب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ہندوستان کا یہ پیام واضح طور پر سن لینا چاہئے کہ ہم اُری دہشت گرد حملے کو فراموش نہیں کریں گے۔ وہ پاکستان کی قیادت پر بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ 18 جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ نریندر مودی اُری دہشت گرد حملے کو پاکستان کو راست ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک دہشت گردی کو برآمد کرتا ہے جس کی وجہ سے 18 سپاہی کی جان چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے جس کا مقصد دہشت گردی کو پھیلانا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنانے پر ساری توانائیاں صرف کررہا ہے کہ اکیسویں صدی ایشیا کی نہ ہو۔ ہر ملک صرف ایک ہی ملک کو دہشت گردی کیلئے ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔ یہ ایشیا میں ایک ہی ایسا ملک ہے جہاں دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔ یہ واحد ایسا ملک ہے جو دنیا بھر میں دہشت گردی کی برآمد (ایکسپورٹ) کررہا ہے۔
فوجی سربراہان کی مودی سے
ملاقات
نئی دہلی۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فوج ، فضائیہ کے سربراہان اور بحریہ کے نائب سربراہ نے آج وزیراعظم مودی سے ملاقات کی۔ اُری دہشت گرد حملے کے پس منظر میں اسے کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔