پاکستانی فائرنگ میں ایل او سی کے پاس آرمی میجر، 3 سپاہی ہلاک

جموں ، 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دستوں نے آج جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے کیری سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس انڈین آرمی پٹرول پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک میجر اور تین سپاہیوں کو ہلاک کردیا۔ فائربندی معاہدہ کی تازہ خلاف ورزی ایسے وقت پیش آئی جبکہ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے راجوری ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں کیمپ کررکھا ہے تاکہ عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔ دفاع کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی دستوں نے فوجی طلایہ گرد پارٹی کو کیری سیکٹر کے برات گلہ میں دوپہر تقریباً 12:15 بجے نشانہ بنایا۔ ’’ہمیں اس واقعہ میں تین جانی نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں جن میں ایک آفیسر شامل ہے۔ میجر موہارکر پرفلا امباداس، لانس نائک گرمیل سنگھ اور سپاہی پرگت سنگھ فائربندی کی خلاف ورزی کے دوران شدید زخمی ہوئے اور اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ دو دیگر فوجیوں کو بھی زخم آئے اور وہ زیرعلاج ہیں۔‘‘ راجوری کے سینئر ایس پی یوگل منہر نے بتایا کہ دو زخمی فوجیوں میں سے بھی ایک کی متعاقب موت ہوگئی۔ آرمی نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی دستوں نے ’’بلااشتعال‘‘ فائرنگ پر ’’پُرزور اور مؤثر‘‘ جوابی کارروائی کی ہے۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی اور ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے آرمی کے چاروں مہلوکین کو زبردست خراج پیش کیا ہے۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ چیف منسٹر نے مہلوک فوجیوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔