پاکستانی عدالت پر طالبان کا حملہ،7 ہلاک

پشاور 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخواہ کی ایک عدالت میں آج خودکش بمباروں نے زبردستی گھسنے کی کوشش کے دوران کم سے کم سات افراد کو ہلاک اور دیگر 14 کو زخمی کردیا۔ ٹانگی میں واقع عدالت میں داخلہ کی کوشش کے دوران حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ اور دستی بم اندازی کی جس پر وہاں متعین سکیوریٹی فورسیس نے جوابی کارروائی کی۔ پولیس کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ پاکستانی طالبان کے ایک گروپ جماعت الاحرار نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ باب الداخلہ پر فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا۔ دوسرا عدالت میں داخلہ کے وقت مار دیا گیا۔ تیسرا دہشت گرد خود کو دھماکہ سے اُڑا لیا۔ ضلع چارمدا کے پولیس سربراہ سہیل خالد نے کہاکہ حملہ میں 7 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔ عدالت میں ہوئے اس حملے میں ججس اور وکلاء محفوظ رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سخت سکیوریٹی کے سبب دہشت گرد عدالت میں داخل نہیں ہوسکے اگر وہ اپنی کوشش میں کامیاب ہوجاتے تو ایک سنگین سانحہ ہوسکتا تھا۔