پاکستانی شہر گوادر کی عالیشان ہوٹل پر دہشت گرد حملہ

تینوں دہشت گردوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا ، تمام سیاح محفوظ

کراچی۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں بندرگاہ کے شہر گوادر کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل پر تین انتہائی مسلح عسکریت پسندوں نے ہفتہ کو زبردستی اندر گھس کر حمہ کردیا جس کے ساتھ ہی وہاں تعینات سکیورٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ اس دوران صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام تین حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔ ’’ڈان نیوز‘‘ نے گوادر کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر اسلم بنگولی زئی کے حوالے سے کہا کہ زائد پولیس فورسیس انسداد دہشت گردی فورس اور فوج کے دستے پیل کانٹیننٹل ہوٹل پر صورتحال سے نمٹنے میں مصروف تھے۔ فوج کے شعبہ ذرائع ابلاغ انٹر سرویس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ تین دہشت گرد زبردستی اس ہوٹل میں گھس گئے تھے۔ ایک سکیورٹی گارڈ نے انہیں روکنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کے دوران اس کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف بحریہ اور فوج کے سپاہیوں نے کئی گھنٹوں تک مزاحمت کی۔ اس عالیشان ہوٹل میں اکثر بڑے بزنسمین یا پھر تفریح منانے والے سیاح آیا کرتے ہیں۔ یہ ہوٹل گوادر میں پُرفضاء پہاڑی پر واقع ہے۔ تمام بیرونی اور مقامی مہمانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔