پاکستانی شلباری میں 8 ہلاک، جوابی کارروائی میں دو پاکستانی سپاہی ہلاک

لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میںشدت، پونچھ، جموں اور دیگر اضلاع نشانہ
جموں ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے اضلاع راجوری، پونچھ اور سامبا میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے اطراف پاکستانی فوج کی جانب سے چھوٹے دیہاتوں اور سکیورٹی چوکیوں پر شدید شلباری اور فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں کم سے کم 8 افراد ہلاک اور دیگر 22 زخمی ہوگئے۔ اضلاع راجوری، جموں اور پونچھ میں 82 اور 210 ایم ایم مورٹار بموں کے ذریعہ شلباری میں دو خواتین ہلاک اور دیگر 13 افراد زخمی ہوگئے۔ ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر نوشیرا سیکٹر کے روبرو ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی میں دو پاکستانی سپاہی ہلاک ہوگئے۔ سامبا کی ڈپٹی کمشنر شیتل نندا نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ضلع سامبا کے رام گڑھ سیکٹر میں آج شلباری کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک اور دیگر 9 زخمی ہوگئے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اس علاقہ میں شلباری کے دوران صدمہ سے ایک شخص فوت ہوا جس کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد چھ ہوگئی۔ تین زخمیوں کا رام گڑھ ہاسپٹل میں علاج کیا گیا۔ ماباقی زخمیوں کو جموں کے جی ایم سی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ضلع پونچھ کے میندھر سیکٹر میں پاکستانی شلباری میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے اڈوں پر ہندوستانی فوج کے ’سرجیکل حملوں‘ کے بعد بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سے متصلہ جموں و کشمیر کے علاقوں میں پاکستانی شلباری سے تاحال کم سے کم 18 افراد ہلاک اور دیگر 80 زخمی ہوئے ہیں۔

بی ایس ایف نے پاکستانی رینجرس کی
14 چوکیوں کو تباہ کردیا
جموں ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف نے کہا ہیکہ اس نے جموں سرحدی علاقہ کے رام گڑھ اور ارنیہ سیکٹرس میں بین الاقوامی سرحد کے قریب جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی رینجرس کی 14 چوکیوں کو تباہ کردیا ہے۔ بی ایس ایف کے ڈی آئی جی دھرمیندر پاریک نے کہا کہ ’’رام گڑھ اور ارینہ سیکٹرس میں آج صبح سے پاکستانی رینجرس کی بلا اشتعال فائرنگ اور شلباری کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف نے پاکستانی رینجرس کی چوکیوں کو آج صبح سے اپنے شدید حملوں کا نشانہ بنایا اور 14 پاکستانی چوکیوں کو تباہ کردیا۔