پاکستانی سفارتخانہ دہلی سے 6 سفارتکاروں کی بازطلبی

ہندوستانی سفارتخانہ اسلام آباد سے 8 سفارتکاروں کی وطن واپسی ممکن
نئی دہلی ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج اپنے 6 سفارتکاروں کو جاسوسی اسکینڈل کے سلسلہ میں پاکستان واپس طلب کرلیا۔ اسلام آباد میں ہندوستانی سفارتخانہ سے 8 سفارتکاروں کی ہندوستان کی جانب سے واپس طلب کرنے کا امکان ہے کیونکہ ان کے صیانتی انتظامات اطمینان بخش نہیں ہیں۔ 6 پاکستانی عہدیدار بشمول 4 سینئر سفارتکار سفارتخانہ کے ارکان عملہ کی جانب سے جاسوسی میں ملوث قرار دیئے گئے ہیں۔ انہیں گذشتہ ہفتہ گرفتار کرکے ملک سے خارج کردیا گیا تھا۔ وہ ہندوستان سے اپنے وطن روانہ ہوگئے جبکہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مسلسل انحطاط پذیر ہیں۔ ہندوستان بھی منصوبہ بندی کررہا ہیکہ اپنے 8 سفارتکاروں کو پاکستان سے وطن واپس طلب کرلے۔ ان کے نام اور تصویریں ذرائع ابلاغ میں شائع اور نشر کی  جاچکی ہیں۔ وزارت خارجہ کے بموجب چند دن قبل پاکستانی سفارتخانہ کے رکن محمود اختر کو مبینہ جاسوسی کے الزام میں ہندوستان سے خارج کردیا گیا تھا حالانکہ پاکستان کی جانب سے سفارتکاروں کی بازطلبی کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم ذرائع کے بموجب سفارتخانہ کے 6 عہدیدار پاکستان واپس جارہے ہیں۔ ہندوستان سے واپس جانے والے ارکان مبینہ طور پر جاسوسی اسکینڈل میں ملوث تھے۔

یہ فیصلہ مسموم ماحول میں عہدیداروں کا کام ناممکن بن جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ حکومت ہند مبینہ طور پر سفارتکاروں کو دھمکیاں دے رہی اور بلیک میل کررہی تھی۔ ذرائع نے الزام لگایا کہ اس صورتحال میں ہمارے لئے اس ملک میں قیام کرنا اور کام کرنا ناممکن ہوگیا تھا۔ قبل ازیں ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے بموجب پاکستان کی جانب سے ہندوستانی سفارتخانہ کے دو ارکان کو ملک چھوڑ دینے کی ہدایت دیئے جانے کا امکان ہے کیونکہ وہ مبینہ طور پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ جیو ٹی وی کی اطلاع کے بموجب ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا کہ اگنی ہوتری را سے راست منسلک تھا جبکہ سنگھ آئی بی کیلئے کام کررہا تھا۔ دونوں مبینہ طور پر پاکستان میں اپنے موقف کا استعمال کرتے ہوئے اپنی  حقیقی شناخت پوشیدہ رکھے ہوئے تھے۔ سنگھ پر پاکستان میں عسکریت پسندوں کا ایک نیٹ ورک چلانے کا  بھی الزام ہے۔ سفارتخانہ سے خارج شدہ عہدیدار سرجیت سنگھ بھی اس نیٹ ورک کا ایک حصہ تھے۔ دریں اثناء پاکستان نے دونوں عہدیداروں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت دے دی ہے۔