پاکستانی دہشت گرد ٹھکانوں پر حملوں کو رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی تائید ، حکومت حافظ سعید و مسعود اظہر دونوں شیاطین کا تعاقب کرے ۔

حیدرآباد: صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے پاکستان کے علاقوں بالاکوٹ ، مظفر آباد او رچاکوٹی میں واقع دہشت گر دٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کا خیر مقدم کیا ہے ۔ اسد اویسی آج شہر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کررہے تھے کہ اس طرح کی کارروائی ۱۲؍ روز قبل ہوجائے گی لیکن جو بھی ایکشن لیاگیا وہ بالکل صحیح ہے ۔ اس مرحلہ میں پورا ملک حکومت کے ساتھ کھڑا ہے ۔

دہشت گردی کے واقعات چاہے وہ پٹھان کوٹ ، اوری یا پلوامہ میں ہوئے ہوں ان کے خلاف کارروائی کاہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی کے بعد بھی اگر پاکستان کی جانب سے کوئی حماقت کی جاتی ہے تو ہندوستانی حکومت ، فوج ، بحریہ او رفضائیہ کوتیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قانون کی دفعہ ۵۱؍ کے تحت کسی بھی ملک کی حفاظت خود اختیاری کا حق حاصل ہے ۔

حیدرآباد کے ایم پی اسد اویسی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ حافظ سعید اور مسعود اظہر دونوں شیاطین کا تعاقب کرے ۔ ان کی تنظیموں کو لشکر طیبہ نہیں بلکہ لشکر شیاطین کہا جاسکتا ہے امید ہے کہ حکومت ان شیاطین کے خلاف کارروائی کرے گی۔