جموں ، 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) رواں سال اپنی نوعیت کے تیسرے حملے میں پاکستانی اسپیشل فورسیس کی ایک ٹیم آج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں 600 میٹر تک گھس آئی اور دو ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک کردیا جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں انھیں اپنے ایک آدمی کا جانی نقصان ہوا۔ 34 سالہ نائک جادھو سندیپ اور 24 سالہ سپاہی ساون بالکو ہلاک ہوئے۔ فوجی عہدہ دار نے کہا کہ حملہ آوروں میں سے ایک جوابی کارروائی میں شدید زخمی ہوا اور اُسے پاکستانی دستوں کی جانب سے ایل او سی کے پار اپنی چوکیوں سے بھاری فائرنگ کی آڑ میں لیجایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) جو عام طور پر پاکستان آرمی کے اسپیشل فورسیس اور بعض دہشت گردوں پر مشتمل ہوتی ہے، اسی نے پاکستانی دستوں کی اپنی چوکیوں سے دوپہر تقریباً 2 بجے مدد کے طور پر بھاری فائرنگ میں یہ حملہ کیا ہے۔ یہ اس سال پونچھ میں ایل او سی کے پاس انڈین پٹرول پارٹی پر تیسرا بی اے ٹی حملہ ہے۔