پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل کی صحت بگڑ گئی، دواخانہ منتقلی

آئی سی یو میں شریک، پٹیل برادری کو تحفظات کیلئے جدوجہد جاری رکھنے قائدین کا فیصلہ

احمدآباد۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں پٹیل برادری کو تحفظات کی فراہمی کیلئے جدوجہد کرنے والے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل کو ان کے غیر معینہ مدت کے برت کے 14 ویں دن حالت بگڑ جانے کے بعد آج جمعہ کو ہاسپٹل منتقل کردیاگیا۔ پاٹیدار انانمت آندولن سمیتی (پی اے اے ایس) کے ایک ترجمان منوج پنارا نے کہا کہ ہاردک اپنی صحت بگڑ جانے کے بعد اپنے حامیوں کی درخواست قبول کرتے ہوئے سولہ سیول ہاسپٹل منتقل ہوگئے۔ پاٹیدار انانمت آندولن سمیتی (پاس) نے احتجاجی لیڈر سے بات چیت کے لیے حکومت کو 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا اور ہاردک نے جمعرات کی شام سے پانی پینا بھی روک دیا تھا۔ پٹارا نے بھوک ہڑتال کے مقام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہاردک کا ایجی ٹیشن جاری رہے گا۔ لیکن 14 روز سے جاری برت کے سبب ان کی صحت چونکہ بگڑ گئی تھی ہم نے ان سے دواخانہ میں شریک ہونے کی درخواست کی تھی۔ اس تنظیم کے ایک اور لیڈر دھارمک مالویہ نے کہا کہ ہاردک کی لڑائی جاری رہے گی۔ دواخانہ کے حکام نے کہا ہے کہ ہاردک کو آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے۔ اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کررہی ہے۔ پاٹیدار برادری کے ایک سینئر لیڈر اور کھوڈلدھام ٹرسٹ کے صدر نریش پٹیل نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے یا علاج کروانے کا مشورہ دیا تھا جس کے فوری بعد ہاردک پٹیل کی دواخانہ منتقل کیا گیا۔ نریش پٹیل نے کہا کہ ’’ہارکد گزشتہ 18 گھنٹوں سے پ انی بھی نہیں لے رہے تھے۔ میں نے ہاردک سے کہا تھا کہ ہر کوئی ان کی صحت کے بارے میں فکر مند ہے۔ چنانچہ انہیں جلد سے جلد بھوک ہڑتال ختم کردینا چاہئے۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ یہ برت ختم کرنے کے بارے میں وہ جلد اپنے فیصلہ سے مطلع کریں گے۔