پانچ ماہ میں دو مرتبہ لاٹری جیتنے والا افریقی نوجوان

ٹورنٹو۔12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا میں ایک امیگرینٹ صرف پانچ ماہ میں دو بار لاٹری جیتنے کے بعد کروڑوں کا مالک بن گیا ہے۔ مل ہگ مل ہگ جس کی عمر 28 سال ہے اس نے دو الگ الگ لاٹری کے ٹکٹ خریدے جس میں اس نے مجموعی طور پر 35 لاکھ کینڈین ڈالر جیتے۔ افریقا سے تعلق رکھنے والے میل ہگ میل ہگ اب ونیپیگ میں رہتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس پیسے کو واپس اسکول جانے کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق انھوں نے ویسٹرن کینیڈا لاٹری کوآپریشن کو بتایا ’میں جوان ہوں، آپ ہمیشہ سوچتے ہیں کہ کیسے بڑا ہونا ہے۔‘ انھوں نے پہلی بار اپریل میں لاٹری جیتی جس میں انھیں 15 لاکھ کینیڈین ڈالر ملے۔ اس پیسے سے انھوں نے اپنی جوان فیملی کو ایک فلیٹ سے مکان میں منتقل کیا۔ان کا کہنا ہے کہ ’سب کچھ نیا ہے، ہمارے
پاس چمن ہے، اچھا سکول ہے، ہمیں بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘لیکن ان کی قسمت اگست میں دوبارہ چمکی جب انھوں نے 20 کینیڈین ڈالر سے خریدا سکریچ این ون لاٹری ٹکٹ سے 20 لاکھ کینیڈین ڈالر کا جیک پاٹ جیتا۔مل ہگ مل ہگ کا کہنا ہے کہ وہ ان پیسوں سے اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں، ممکنہ طور پر پٹرول اسٹیشن یا کار واش اسٹیشن۔ پھر وہ اسکول جانا چاہتے ہیں۔’میرا بنیادی مقصد اسکول جانا ہے، میں اپنی انگریزی بہتر کرنا چاہتا ہوں اور بول چال۔ میں کچھ ہنر سیکھنا چاہتا ہوں جیسے کہ لکڑی کا کام۔‘

سعودی عرب میں خاتون کے ساتھ ناشتے پر ایک مصری شہری گرفتار
ریاض۔12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں ایک مصری شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب ان کی ایک خاتون کے ساتھ ناشتے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ 30 سکنڈ کی ویڈیو میں ایک شخص کو مصری لہجے میں باتیں کرتے ہوئے ایک برقع پوش خاتون کے ساتھ ناشتہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس خاتون کے بارے میں لوگوں کا خیال ہے کہ وہ سعودی خاتون ہیں۔یہ سعودی عرب کے قانون کی خلاف ورزی ہے کیونکہ یہاں کسی ریستوران، میکڈونلڈ یا پھر اسٹاربک جیسی جگہوں پر تنہا شخص اور فیملی کے ساتھ آنے والوں کیلئے علیحدہ جگہیں مختص ہیں۔ان مقامات پر خواتین کو تنہا مرد کے ساتھ بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔سعودی عرب میں خواتین کو اپنے محرم کے بغیر بہت سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ محرم میں عام طور پر ان کے والد یا شوہر ہوتے ہیں۔ بعض اوقات بھائی اور بیٹا بھی ہو سکتا ہے۔سعودی عرب کی وزارت محنت اور سماجی بہبود نے اس شخص کو گرفتار کیا ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ اس شخص نے مختلف قسم کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جن میں سعودیوں کیلئے مخصوص جگہ لینا بھی شامل ہے۔ٹوئٹر پر ’’سعودی خاتون کے ساتھ ایک مصری کا ناشتہ‘‘ نامی ہیش ٹیگ تقریباً سوا لاکھ بار استعمال کیا گیا ہے اور اس پر لوگوں کی رائے منقسم نظر آئی ہے۔