حیدرآباد۔ٹی آر ایس پارٹی کے سینئر اقلیتی لیڈر ایو ب خان جنھوں نے خود پر پٹرول چھڑکر اقدام خودکشی کیاتھا جمعہ کے صبح زخموں سے جانبر نہ ہوسکے اور کنچن باغ کے ڈی آر ڈی او اپولو اسپتال میں جہاں ان کا علاج کیاجارہاتھا اپنی آخری سانس لی۔
ضلع وقار آباد کے تانڈور میں پچھلے ماہ پارٹی کے ایک اجلاس کے دوران ایوب خان نے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کے سامنے خود پر پٹرول چھڑکر آگ لگالی تھی۔
ایوب خان کا کہناتھا کہ وہ ٹی آر ایس پارٹی کے سینئر لیڈر ہیں مگر انہیں نذر انداز کرتے ہوئے ضلع وقار آباد میں دیگر پارٹیوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے لوگوں کو موقع دیاجارہا ہے۔ اقدام خودکشی سے قبل مذکورہ پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایو ب خان نے ریاستی وزیر مہیندر ریڈی کی موجودگی میں یہ بات کہی تھی کہ پارٹی میں انہیں نذر انداز کرتے ہوئے نئے لوگوں کو پارٹی اور نامزد عہدے دئے جارہے ہیں جبکہ وہ ٹی آر ایس پارٹی میں سال2001سے سرگرم ہیں۔
ایوب خان کے اقدام خودکشی کے بعد ٹی آر ایس پارٹی میں ایک ہلچل پیدا ہوگئی تھی اور پارٹی کے تمام سینئر قائدین جو پارٹی پوسٹ اور نامزد عہدوں کے انتظار میں تھے انہیں انصاف کی امیدیں نظر آرہی تھی۔ایوب خان کے علاج کے دوران ریاست کے نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی نے بشمول پارٹی کے تمام سینئر اور اعلی قائدین نے اپولو اسپتال پہنچ کر ایوب خان کی عیادت کی تھی اور ان کے ارکان خاندان سے اظہار یگانگت بھی کیا۔
جمعہ کے روز اولین ساعتوں میں ایوب خان کے انتقال کی خبر کے ساتھ ہی ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کے گھر پر حفاظتی دستوں کو تعینا ت کردیاگیا ہے ۔ ایو ب خا ن کے ابائی مقام اندرا نگر ‘ تانڈور کی جامعہ مسجد میں بعد نماز عصر نما ز جنازہ ادا کی جائے گی او رتدفین ایوب خان مرحوم کے آبائی قبرستان تاونڈور میں ہی عمل میں ائے گی۔