انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر اِدارہ اور رئیل اسٹیٹ گروپ مائی ہوم کا بڑا حصہ
حیدرآباد۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام)
TV9
نے اب ازخود ان اطلاعات کی توثیق کردیا ہے کہ اس کا انتظامیہ بدل رہا ہے اور اصل پروموٹر سرینی راجو اس چیانل سے الگ ہورہے ہیں۔ اس معاملت کے بارے میں انتہائی دلچسپ، حیرتناک اور سنسنی خیز قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
TV9
کی گروپ کمپنی اسوسی ایٹیڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ نے اگرچہ وضاحت کی ہے کہ موجودہ سی ای او روی پرکاش دو سرکردہ بین الاقوامی سرمایہ کاری فنڈس اور مقامی سرمایہ کاروں کی مدد سے انتظامیہ پر اپنی گرفت بدستور برقرار رکھیں گے لیکن تازہ ترین قیاس آرائیوں کے مطابق کوئی اور نہیں بلکہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بذاتِ خود اس معاملت کے پس پردہ کلیدی محرک ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ انفراسٹرکچر کے سرکردہ ادارہ میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر (ایم ای آئی ایل) اور رئیل اسٹیٹ شعبہ کی سرکردہ شخصیت جوپلی رامیشور راؤ کے مائی ہوم گروپ کا روی پرکاش کے ساتھ اس معاملت میں بڑا حصہ رہے گا کیونکہ وہ ان کے بااعتماد آدمی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ (میل) اور مائی ہوم گروپس کو کے سی آر اور ان کے خاندان کی تائید و مدد حاصل ہے جس سے ان دونوں صنعتی گروپوں کو ٹی آر ایس حکومت سے حاصل قربت و سرپرستی سے ہر کوئی بخوبی باخبر ہوسکتا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ ’’یہ بات بھی حیرت انگیز ہے کہ سری راجو نے انتظامیہ کو صرف 45 کروڑ روپئے کی پیشکش کیا تھا، حالانکہ ماضی میں وہ زی گروپ اور ٹائمز گروپ کی طرف سے کی گئی اس سے بھی کہیں زیادہ بہتر و پرکشش پیشکش کی
تھی جس کو انہوں نے مسترد کردیا تھا‘‘۔ چنانچہ اب یہاں مزید یہ کہنے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہی کہ شاید ان ہی وجوہات پر
TV9
چیانل گزشتہ دو دن سے موافق کے سی آر پروگرامس نشر کررہا ہے۔ حکمراں جماعت ٹی آر ایس پہلے ہی کئی میڈیا گھرانوں کو اپنی گرفت میں لے چکی ہے اور
TV9
اس کا تازہ ترین اثاثہ ہوسکتا ہے۔