صدر پی سی سی اتم کمار ریڈی کا
پارٹی کارکنوں سے فیس بُک لائیو پر رابطہ
حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کی تاریخ میں ٹی آر ایس کی حکمرانی بدنما داغ بن کر رہ جائے گی۔ یکم اپریل سے دوسرے مرحلہ کی پرجا چیتنیہ بس یاترا شروع ہونے سے قبل آج اُنھوں نے فیس بُک لائیو پر کانگریس کارکنوں سے رابطہ کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے کا مشورہ دیا اور مسلمانوں کو چیف منسٹر کی دھوکہ دہی سے چوکنا ہوجانے پر زور دیا۔ ٹی آر ایس حکومت نے منظم سازش کے تحت کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے کانگریس کے باقی تمام ارکان اسمبلی کو بجٹ سیشن کے اختتام تک معطل کرتے ہوئے بغیر کسی مباحث کے بجٹ منظور کرلیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سارے بجٹ سیشن تک کسی کو معطل کیا گیا مگر وہی کے سی آر کی دختر کویتا کے بشمول ٹی آر ایس کے سارے ارکان پارلیمنٹ 15 دن تک پلے کارڈ تھام کر احتجاج کرتے ہوئے لوک سبھا کی کارروائی چلنے نہیں دی۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس بجٹ سیشن کے لئے کافی سنجیدہ تھی جس کی وجہ سے بس یاترا میں وقفہ دیا گیا لیکن چیف منسٹر نے حکومت کی ناکامیوں کو آشکار ہونے سے بچانے کیلئے کانگریس کے ارکان کو اسمبلی اور کونسل سے معطل کردیا۔ اتم کمار نے کہاکہ کانگریس کی پہلے مرحلہ کی بس یاترا کافی کامیاب رہی۔ عوام نے رضاکارانہ طور پر بھاری تعداد میں جلسوں میں شریک ہوتے ہوئے حکومت سے ناراضگی کا جہاں ثبوت دیا وہیں کانگریس کیڈر کے جوش و خروش میں زبردست اضافہ ہوا۔ دوسرے مرحلہ کی بس یاترا کا یکم اپریل کو راما گنڈم سے آغاز ہوگا۔ صدر پی سی سی نے دعویٰ کیاکہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی خفیہ معاہدہ کرتے ہوئے ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ ٹوپی اور شیروانی وغیرہ پہنتے ہوئے چیف منسٹر مسلمانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ وقف بورڈ کو جوڈیشیل اختیار دینے، اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے، اسلامک سنٹر قائم کرنے، اردو مترجمین کی 66 جائیدادوں پر تقررات کرنے، اقلیتوں کے بجٹ کو مکمل استعمال کرنے میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔