ٹی آر ایس کی 100 حلقوں سے کامیابی یقینی

ہر داڑھی بڑھانے والا ’ گبر سنگھ ‘ نہیںہوتا ۔ کے ٹی آر کا ریمارک
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہاکہ داڑھی بڑھانے والا ہر کوئی ’گبر سنگھ‘ نہیں ہوتا۔ 2 ستمبر کے جلسہ میں چیف منسٹر کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ نہ کرنے پر اتم کمار ریڈی اور محمد علی شبیر کو افسوس ہے۔ ریاست میں جب بھی انتخابات ہونگے ، ٹی آر ایس کو 100 اسمبلی حلقوں پر کامیابی ملے گی ۔ آج کے ٹی آر سے ملاقات کرکے کاماریڈی کانگریس قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے اتم کمار ریڈی کا نام لئے بغیر کہاکہ ہر داڑھی والا گبر سنگھ نہیں ہوتا۔ ٹی آر ایس جلسہ کی کامیابی کے بعد کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ۔ چیف منسٹر اور حکومت پر بیجا تنقیدیں کرکے اپنے وجود کو باقی رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ دراصل جلسہ سے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر کو تنقید کا نشانہ نہ بنانے پر انھیں افسوس ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو عوامی تائید حاصل ہے اور 100 اسمبلی حلقوں پر کامیابی سے ٹی آر ایس کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ گزشتہ 4 سال میں جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس ارکان اسمبلی کے انتقال کے بعد منعقدہ انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کو کامیابی ملی ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ کانگریس میں خاندانی سیاست ہوسکتی ہے مگر کے سی آر کے خاندان میں سیاست کانگریس کو پسند نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے جو فلاحی اسکیمات متعارف کرائے ہیں وہی اسکیمات ٹی آر ایس کو دوبارہ کامیاب بنائیں گی۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کے مضبوط قلعوں کو ڈھاتے ہوئے ٹی آر ایس 100 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔