ٹی آر ایس کو عنقریب بڑا جھٹکہ لگے گا : اُتم کمار ریڈی

کئی بڑے اور سینئیر قائدین کانگریس میں شامل ہوں گے ۔ 80 حلقوں میں کامیابی یقینی
حیدرآباد /12 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ بہت جلد ٹی آر ایس کو بڑا جھٹکا لگنے والا ہے ۔ ٹی آر ایس کے کئی بڑے اور سینئیر قائدین کانگریس میں شامل ہوں گے ۔ ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ تازہ سروے میں عظیم اتحاد کو 80 سے زائد اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل ہونیکی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ٹی آر ایس صرف 20 اسمبلی حلقوں تک محدود ہوجائے گی ۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے ریاست میں 12 بڑے جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کا دورہ تلنگانہ ، فلاپ شو میں تبدیل ہوگیا ۔ آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے اور 105 امیدواروں کا اعلان کرنے کے بعد ٹی آر ایس میں ناراضگیاں اور گروپ بندیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ ٹی آر ایس کے کئی سینئیر قائدین کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ انہیں پارٹی میں شامل کرنے کیلئے بہت جلد کانگریس کے دروازے کھول دئے جائیں گے ۔ ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے تشکیل دئے جانے والے عظیم اتحاد کے بارے میں تازہ سروے کرایا گیا ہے ۔ 80 سے زائد اسمبلی حلقوں پر عظیم اتحاد کو کامیابی ملنے کی رپورٹ ملی ہے ۔ ٹی آر ایس صرف 20 حلقوں تک محدود ہوجائے گی ۔ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ عظیم اتحاد ٹی آر ایس کا متبادل بن کر تیزی سے ابھر رہی ہے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اور سابق صدر سونیا گاندھی کے تلنگانہ میں 12 بڑے جلسہ عام کا اہتمام کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ ہر 10 اسمبلی حلقوں پر ایک جلسہ عام منعقد ہوگا شہر کے علاقوں میں انتخابی مہم چلانے کی خصوصی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عظیم اتحاد کا مشترکہ اقل ترین ایجنڈے کا مسودہ تیار ہوگیا ہے ۔ نشستوں کی تقسیم پرحلیف جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ۔ آئندہ دو یا تین دن میں اس کو بھی قطعیت دے دی جائے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ٹکٹ کے دعویداروں کو غلط فہمیوں کا شکار نہ ہونیکا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہائی کمان خاندان کے ایک فرد کو ہی ٹکٹ دینے پر غور کر رہی ہے ۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ قطعی ہوگا ۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کے علاوہ ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کو کافی اہمیت دی جائے گی ۔ تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقوں کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام سے مشاورت جاری ہے ۔ تمام ہم خیال جماعتوں سے آئندہ ایک دو دن میں مذاکرات کا عمل مکمل ہوجانے کے توقع کا اظہار کیا۔ عظیم اتحاد کا نام تبدیل کیا جائے گا ۔ عظیم اتحاد میں شامل تمام جماعتیں مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلائیں گے اور ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے تلنگانہ تحریک کے جذبہ کے ساتھ کام کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے دورے کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی ار اور امیت شاہ کی جانب سے ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے بی جے پی امیدواروں کی تائید کی تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر تنقیدیں کرتے ہوئے ڈرامہ بازی کر رہی ہیں ۔