گجرات الیکشن کے بعد ناراض ٹی آر ایس قائدین پر بی جے پی کی نظریں۔ تلنگانہ میں سیاسی ہلچل متوقع
حیدرآباد۔ 27ڈسمبر(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی نے تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے تلنگانہ راشٹر ا سمیتی قائدین کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے! گجرات میں کسی طرح کامیابی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی نگاہیں کرناٹک اور تلنگانہ پرمرکوز ہیں اور ان ریاستوں میں بی جے پی خود کو مستحکم بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو کانگریس سے سخت مقابلہ کے نمایاں آثار کے بعد ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور قائدین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین کیلئے اپنے دروازے کھولنے شروع کردیئے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ ٹی آر ایس قائدین کا کہناہے کہ پارٹی نے کانگریس اور تلگودیشم کے ارکان اسمبلی اور سرکردہ قائدین کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے تلنگانہ جدوجہد میں شامل رہنے والے ٹی آر ایس قائدین کے سیاسی مستقبل کو تاریک کرنے کے اقدامات کئے ہیں اسی لئے وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا رخ کرنے کے متعلق غور بھی کر رہے ہیں کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی علحدہ ریاست تلنگانہ مسئلہ پر واضح موقف اختیار کیا ہوا تھا اور 2014 کے بعد سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی اسمبلیو ںمیں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کامیاب بھی ہوتی نظر آرہی ہے اسی لئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے وہ قائدین جنہیں آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہ ملنے یا ان کی جگہ کسی اور مضبوط دعویدار کو پارٹی کی جانب سے تیار کئے جانے کی اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات پر غور کرنے لگے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے گذشتہ یوم تلنگانہ میں بی جے پی کے تنہائمقابلہ کے اعلان کے ساتھ ہی آج تلنگانہ راشٹرا سمیتی رکن اسمبلی ونئے بھاسکر کی ان سے ملاقات نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے تنہا مقابلہ کا اعلان کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے ناراض اور مایوس قائدین کو بالواسطہ طور پر مدعو کیا ہے ۔ گجرات کے علاوہ اترپردیش اور مہارشٹرا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شہری علاقو ںمیں کامیابی کے سبب زیادہ تر وہ ٹی آر ایس قائدین جو شہری حلقہ جات اسمبلی سے تعلق رکھتے ہیں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں اور پارٹی کے موقف کے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی نے تلنگانہ میں جو پارٹی کے استحکام کی کوششیں شروع کی ہوئی ہیں ان میں پارٹی کو بڑی کامیابی مل رہی ہے اور کرناٹک انتخابی نتائج کے متعلق تلنگانہ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ ان انتخابی نتائج کے بعد مزید تلنگانہ راشٹرا سمیتی قائدین بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے۔