ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے انتخابی مہم کے آغاز پر زور

اپل کلاں میں سینکڑوں ٹی آر ایس کارکنوں کی کانگریس میں شمولیت ‘ اتم کمارریڈی کا خطاب

حیدرآباد ۔29 جولائی (این ایس ایس)تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کا انداز اپناتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ناکامیوں کو بے نقاب کریں ۔ وہ اْپل کلاں میں تلگودیشم کے رنگاریڈی ضلع یونٹ کے جنرل سکریٹری راہول راملو اور رمیش کی اپنے سینکڑوں حامیوں کیساتھ کانگریس میں شمولیت کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ سابق مرکزی وزیر سروے پلی ستیہ نارائینا سابق رکن اسمبلی کے لکشما ریڈی اور دیگر قائدین بھی اس اجلاس میں موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ریاست تلنگانہ بھر میں تنظیمی طور پر کافی مستحکم ہے ایک لاکھ سے زائد کانگریس کارکنوں نے شکتی پروگرام کے تحت رجسٹریشن کیا ہے اور اس تعداد میں تین تا چار گنا اضافہ متوقع ہے ۔ شکتی مہم کے تحت رجسٹریشن میں مزید شدت پیدا کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت اور مرکز میں بی جے پی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کروایا جانا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے اپنے پرکشش وعدوں کے ذریعہ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے چندرا شیکھرراؤ نے گذشتہ چار سال کے دوران حیدرآباد کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ ٹی آر ایس حکومت حتی کہ کانگریس دور حکومت سے تیار شدہ انفرا اسٹرکچر کی دیکھ بھال میں بھی ناکام ہوگئی ۔ کے سی آر صرف غیرقانونی طور پر دولت بٹورنے اور اپنے خاندان کی بھلائی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ کے قیام کے باوجود کسی کو کوئی فائدہ نہیں پہونچا ہے ۔ کے سی آر خاندان نے محض اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے تلنگانہ کے حقیقی خواب کو چکناچور کر دیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ کے کے سی آر نے صرف اپنے خاندان کے فائدہ کیلئے سارا انتظامیہ جھونک دیا ہے ۔ کانگریس کے کارکنوں کو چاہئے کہ عوامی دولت سے کے سی آر خاندان کی پرتعیش زندگی کو بے نقاب کریں ۔ ٹی آر ایس حکومت صرف وہی کام کر رہی ہے جن میں گتہ داروں سے اس کو کمیشن موصول ہوتا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے دعوی کیا کہ آئندہ انتخابات خواہ جب کبھی منعقد ہوں ان میں کانگریس پارٹی کی جیت طے ہے ۔ حالیہ منعقدہ تمام سروے میں کانگریس کی شاندار فتح کے واضح اشارے دیئے گئے ہیں ۔ کانگریس کے تمام قائدین اور کارکنوں کو اپنی تنظیم کو تمام سطحوں پر مستحکم بنانے کیلئے سرگرم رہنا چاہئے ۔ سروے ستیہ نارائنا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس کو کم از کم 100 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ قبل ازیں اتم کمار ریڈی نے سکندرآباد کے اجینی مہانکالی مندر میں خصوصی پوجا کی ۔ بعدازاں انہوں نے کالیشورم پراجکٹ پر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ٹی جے اے سی) کے زیر اہتمام پریس کلب سوماجی گوڑہ میں منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شرکت بھی کی۔

’’اتم کمار ریڈی تلنگانہ کے آئندہ چیف منسٹر ‘‘
ستیہ نارائنا کا سروے

حیدرآباد ۔ 29 ؍ جولائی ( این ایس ایس ) سابق مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے آنے والے انتخابات میں دیرینہ کٹر سیاسی حریف جماعت کانگریس اور تلگودیشم کے مابین مفاہمت کی پیش قیاسی کی ہے ۔ اْپل کلاں میں آج منعقدہ میڑچل ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے اجلاس تلگودیشم اور ٹی آر ایس کے سینکڑوں کارکنوں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔ سروے ستیہ نارائنا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ تلگودیشم پارٹی سربراہ چندرابابونائیڈو کانگریس سے ہاتھ ملانے کیلئے قدم بڑھائیں گے ۔ سروے نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ 2019 کے انتخابات میں کانگریس کو بہ آسانی 100 نشستیں حاصل ہوں گی اور اتم کمار ریڈی تلنگانہ کے آئندہ چیف منسٹر ہوں گے ۔ ستیہ نارائینا نے اے آئی سی سی کے صدر راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی کابینہ میں وہ بھی وزیر بننا چاہتے ہیں۔