ٹی آر ایس حکومت مجلس کی غنڈہ گردی اور لاء اینڈ آرڈر پر قابو پانے میں ناکام

لاء اینڈ آرڈر کے اختیارات گورنر کے حوالے کرنے پر زور، کل جماعتی قائدین کی گورنر سے ملاقات و یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد /3 فروری (سیاست نیوز) کل جماعتی اجلاس میں تمام جماعتوں نے مجلس کی غنڈہ گردی اور لاء اینڈ آرڈر پر عمل کرنے میں ناکام ہونے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے سیکشن 8 کے تحت لاء اینڈ آرڈر کے اختیارات گورنر کے حوالے کرنے پر زور دیا اور ضرورت پڑنے پر کل جماعتی وفد دہلی پہنچ کر وزیر اعظم، مرکزی وزیر داخلہ اور صدر جمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے تقسیم ریاست بل میں پیش کردہ سیکشن 8 پر عمل آوری کے لئے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا۔ قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی نے آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں کل جماعتی اجلاس طلب کیا، جس میں کانگریس قائدین وی ہنمنت راؤ، محمد علی شبیر، پی سدھاکر ریڈی، فاروق حسین، تلگودیشم قائدین دیاکر راؤ، ایل رمنا، ریونت ریڈی، بی جے پی کے قائد مقننہ ڈاکٹر لکشمن، سی رام چندرا ریڈی، وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی شیوکمار اور دیگر نے شرکت کی۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کے موقع پر پرانے شہر میں مجلس کی غنڈہ گردی اور مختلف جماعتوں کے امیدواروں اور ان کے حامیوں کو زدوکوب کرنے کے بعد سیکشن 8 کا مسئلہ منظر عام پر آگیا۔ واضح رہے کہ نوٹ برائے ووٹ اور ٹیلیفون ٹیاپنگ کے بعد سیکشن 8 کے تحت گورنر کو گریٹر حیدرآباد کے لاء اینڈ آرڈر کی ذمہ داری سونپنے کا چندرا بابو نائیڈو اور دیگر تلگودیشم قائدین نے مطالبہ کیا تھا،

لیکن اس وقت کانگریس اور دوسری جماعتوں نے مخالفت کی تھی، تاہم پرانے شہر میں مجلس کی ہنگامہ آرائی کے بعد کانگریس نے اس مسئلہ کو اٹھایا اور بی جے پی و تلگودیشم نے اس کی تائید کی۔ ان قائدین نے آج گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے سیکشن 8 کا مسئلہ اٹھایا اور ضرورت پڑنے پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے جانا ریڈی نے کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن آزادانہ و منصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہو گئے۔ پولیس، الیکشن کمیشن کے عہدہ دار اور سرکاری مشنری نے ٹی آر ایس اور مجلس کے ایجنٹ کے طورپر کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ مجلس نے غنڈہ گردی کرتے ہوئے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی اور اس کے غنڈوں نے ایک صحافی کے بشمول کئی قائدین کو نشانہ بنایا، جب کہ حکومت نے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کی بجائے غنڈہ عناصر کی حوصلہ افزائی کی ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ اس موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی لکشمن نے کہا کہ ووٹر لسٹ سے ناموں کے اخراج سے لے کر رائے دہی تک حکومت نے انتخابی عمل میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی ہیں۔ مختلف قائدین و کارکنوں پر مجلس کی غنڈہ گردی جمہوریت کا خون کرنے کے مترادف ہے، لہذا حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا نے کل کے واقعہ کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے سٹی کمشنر پولیس مہندر ریڈی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اس مسئلہ کو موضوع بحث بنانے کا اعلان کیا۔ وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی شیو کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت لاء اینڈ آرڈر کے کنٹرول میں ناکام ہونے کے علاوہ مجلس کی غنڈہ گردی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔