پارٹی کے حق میں عوام کی رائے اچھی رہی :کے سی آر ‘ عظیم اتحاد کو 80 نشستیں ملیں گی : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 7 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) برسر اقتدار ٹی آر ایس اور اپوزیشن کانگریس زیر قیادت عظیم اتحاد نے آج اس یقین کا اظہار کیاکہ وہ تلنگانہ میں شاندار کامیابی حاصل کرینگے ۔ ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ ان کی پارٹی تلنگانہ میں بھاری اکثریت کے ساتھ اقتدار پر واپسی کرے گی ۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں اپنے آبائی گاوں چنتا مڈاکا میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رائے دہندوں میں پارٹی کے تعلق سے بہت ہی اچھا اثر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار پر آئے گی اور اس میں کوئی شک نہیں ہے ۔ انتخابات میں ٹی آر ایس نے تنہا مقابلہ کیا تھا ۔ ریاست میں 119 رکنی اسمبلی کیلئے آج رائے دہی ہوئی تھی ۔ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس ‘ تلگودیشم ‘ سی پی آئی اور ٹی جے ایس پر مشتمل عظیم اتحاد کو انتخابات میںشاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کو 80 کے آ س پاس نشستیں حاصل ہونگی ۔ انہوں نے رائے دہی کے اختتام سے کچھ دیر قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر رائے دہی کا تناسب زیادہ ہوتا تو ان کی پارٹی کو اور بھی زیادہ نشستیں حاصل ہوتیں۔ اس دوران بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راو نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے پولنگ بوتھ کے اندر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے اس طرح اپنی پارٹی کے امکانات کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے ۔
بی جے پی نے اس تعلق سے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر بی جے پی اس معاملہ میں عدالت سے بھی رجوع ہوگی ۔ ان کی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ چندر شیکھر راو کو بحیثیت امیدوار نا اہل قرار دیا جائے ۔ ووٹوں کی گنتی 11 ڈسمبر کو ہوگی ۔ تلنگانہ اسمبلی کی معیاد آئندہ سال مکمل ہونے والی تھی تاہم ٹی آر ایس حکومت نے قبل از وقت 6 ستمبر کو اسمبلی تحلیل کردی تھی ۔ اس طرح ریاست میں قبل از وقت انتخابات ہوئے ۔ شدت کی انتخابی مہم کے بعد آج رائے دہی ہوئی تھی ۔