ٹیکساس اور لوئسیانا میں طوفان ’ہاروی‘ کے مہلوکین کی تعداد 30 ہوگئی

درجنوں افراد لاپتہ ، 40,000 مکانات تباہ ، ہزاروں بے گھر ، 160 ارب ڈالرکا نقصان ، ٹرمپ کا دورہ ، امدادی مہم کا معائنہ

ہوسٹن۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس میں پانچ دن تک بدترین تباہی مچانے کے بعد خطرناک طوفان ’’ہاروی‘‘ پڑوسی ریاست لوئسیانا میں داخل ہوگیا۔ سرکاری اعداد کے مطابق امریکی تاریخ کے چند انتہائی خوفناک طوفانوں میں ایک شمار کئے جانے والے ’’ہاروی‘‘ کے سبب 30 افراد فوت، درجنوں لاپتہ اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔ 160 ارب ڈالرس کے مالی نقصانات کا تخمینہ کیا گیا ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ٹیکساس کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق طوفان کے چھٹویں دن تک 40,000 گھر تباہ ہوگئے۔ پورٹ آرتھر میں سیلاب کے متاثرین اور بے گھر افراد کو پناہ دینے کیلئے باب بوور راحت کیمپ میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا۔ مختلف راحت کیمپوں میں 90,000 امریکی پناہ لے چکے ہیں۔ احکام نے 30 افراد کی ہلاکتوں کی توثیق کرتے ہوئے مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا۔ ہوسٹن کے پولیس سربراہ آرٹ ایکیویڈو نے اس اندیشہ کا اظہار کیا کہ کئی افراد لاپتہ ہیں اور آئندہ مزید نعشیں دستیاب ہوں گی۔ ٹیکساس اور لوئسیانا کے کئی علاقے ہنوز زیرآب ہیں، جس کے نتیجہ میں عام زندگی مکمل طور مفلوج ہے۔