بنگلور: کرناٹک حکومت کی جانب سے سرکاری طورپر ٹیپوسلطان جینتی منانے کے خلاف بی جے پی نے بنگلورو میں احتجاج کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی وبی جے پی کے سینئر لیڈر یدی یورپا نے اعلان کیا کہ ریاستی بی جے پی کا ایک وفدمرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے اس مسئلہ پر نمائندگی کرے گا۔
انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کڈہ ضلع میں اس تقریب کے سلسلے میں تشدد کے کئے واقعات پیش ائے لیکن اس کے باوجود وزیراعلی سدارامیا یہ تقریب منانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں اس مسئلہ پر احتجاج کیاجارہا ہے۔
بی جے پی کے 8تا10کارکن ہلاک ہوگئے ہیں اور آج بید ر میں سنیل شیوراج ڈونگے نامی بی جے پی کارکن بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی او رریاستی وزیرداخلہ ٹیپو سلطان کی جینتی سرکاری طور پر منانے سے باز رہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ تمام لوگ اس کے مخالف ہیں۔ دس نومبرکو کڈہ کو کی عوام کی جانب سے جو بند منانے کی اپیل کی گئی ہے اس کی بی جے پی حمایت کرے گی ساتھ ہی اس دن کرناٹک بند منانے پر بھی غور کیاجائے گا۔ پارٹی لیڈروں سے تبادلہ خیال کے بعد حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔