حکومت نے احکام جاری کئے ۔ ضلع انتظامیہ نے تعمیل کی ۔ عوام حکومت سے تعاون کریں ‘چیف منسٹر کی اپیل
چینائی / ٹیوٹی کارن 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت ٹاملناڈو نے آج ریاستی انسداد آلودگی بورڈ کو ہدایت دی کہ ویدانتا گروپ کے کاپر پلانٹ ( واقع ٹیوٹی کارن ) کو مستقل بند کردیا جائے جبکہ گذشتہ ہفتے یہاں آلودگی کی تشویش پر پرتشدد احتجاج ہوا تھا جس میں 13 افراد پولیس فائرنگ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ حکومت کے احکام کی اجرائی کے فوری بعد ٹیوٹی کارن ضلع عہدیداروں نے تانبہ پگھلانے والی یونٹ کے احاطہ کو بند کردیا اور باب الداخلہ پر اس حکمنامہ کی نقل لگا دی ۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو پلانی سوامی نے چینائی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پلانٹ کو مستقل بند کردیا گیا ہے ۔ حکومت نے کل اسمبلی اجلاس کے آغاز سے ایک دن قبل یہ فیصلہ کیا ہے اور امکان ہے کہ ٹیوٹی کارن میں پیش آئے واقعات پر ایوان میں حکومت کو تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ ٹیوٹی کارن کے ضلع کلکٹر سندیپ نندوری نے کہا کہ اب اس پلانٹ کو مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے اور حکومت کے اعلان پر عمل درآمد کردیا گیا ۔ اس یونٹ کو بند کئے جانے پر ویدانتا لمیٹیڈ نے اسے بدبختانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ وہ اس تبدیلی کا جائزہ لینے کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کرے گی ۔ ویدانتا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسٹرلائیٹ کاپر پلانٹ کو بند کرنا ایک افسوسناک تبدیلی ہے خاص طور پر چونکہ ہم یہ پلانٹ 22 سال سے انتہائی شفاف اور دیرپا انداز میں چلا رہے تھے اور اس کی وجہ سے ٹیوٹی کارن اور ریاست کی سماجی و معاشی ترقی میں بھی کافی مدد ملی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس حکمنامہ کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور اس کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائیگی ۔ مقامی عوام کی جانب سے گذشتہ کئی برسوں سے اس پلانٹ کو بند کرنے کیلئے احتجاج کیا جار ہا تھا اور مہم چلائی جا رہی تھی اور آج سرکاری حکمنامہ پر عمل درآمد کے ساتھ ہی ان کی جدوجہد کامیاب ہوئی ۔ مقامی عوام کا کہنا تھا کہ اس پلانٹ کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا ۔ سرکاری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت ٹاملناڈو پولیشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے اس پلانٹ کو بند کرنے کی ہدایت کی توثیق کرتی ہے اور بورڈ سے کہتی ہے کہ اس یونٹ کو مقفل کردیا جائے اور پلانٹ کو مستقل بند کردیا جائے ۔ اس کے علاوہ سرکاری حکمنامہ میں پولیوشن کنٹرول بورڈ کے 9 اپریل کو جاری کردہ حکمنامہ کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں بورڈ نے ویدانتا کے تانبہ پگھلانے والے پلانٹ کی تجدید کی منظوری دینے سے انکار کردیا تھا ۔ سرکاری حکمناہ میں یہ بھی یاد دہانی کروائی گئی کہ 23 مئی کو ٹاملناڈو پولیوشن کنٹرول بورڈ نے اس یونٹ کو بند کرنے کی ہدایت جاری کی تھی اور یہ بھی کہا تھا کہ اس یونٹ کو برقی سربراہی منقطع کی جانی چاہئے ۔ ایک دن بعد ہی اس یونٹ کیلئے برقی سربراہی کو منقطع کردیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر کے پلانی سوامی نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے مقامی عوام کے جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ حکمنامہ جاری کیا ہے ۔ انہوں نے ٹیوٹی کارن کے عوام سے کہا کہ ضلع میں امن بحال کردیا گیا ہے اور اسے برقرار رکھا جانا چاہئے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت سے تعاون کریں اور حکومت نے ان کے مطالبہ کی تکمیل کردی ہے ۔