ٹورسٹ بس ٹرک سے ٹکرا کر شعلہ پوش ، 17 ہلاکتوں کا اندیشہ

میونخ ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : جنوبی جرمنی میں ایک ٹریلر ٹرک کے ایک ٹورسٹ بس سے ٹکرا جانے کے حادثہ میں کم و بیش 17 افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ٹکر کے بعد بس شعلہ پوش ہوگئی ۔ دریں اثناء پولیس ترجمان جیورگین اسٹاڈر نے جرمن کے ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہلاکتوں کی صحیح تعداد کو مخفی نہیں رکھیں گے کیوں کہ حقیقت پسندی کا یہی تقاضہ ہے کیوں کہ حادثہ کے بعد یہ کہنا مشکل ہے کہ جو 17 افراد لاپتہ ہوگئے تھے وہ زندہ ہوں گے کیوں کہ بس جل کر خاکستر ہوچکی ہے اور ایسے میں کسی کے زندہ بچ جانے کی امید کرنا فضول ہوگا ۔ یہ الگ بات ہے کہ کوئی بس سے نکل بھاگنے میں کامیاب ہوا ہوگا ۔ پولیس کی ہی ایک دیگر خاتون ترجمان این ہوئفر نے بھی یہی کہا کہ یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ کچھ لوگ بس سے باہر نکلنے میں کامیاب نہیں ہوئے لیکن لاپتہ 17 افراد کہاں ہیں ۔ حادثہ کے وقت بس میں 46 مسافرین سوار تھے جو ایک ٹریفک جام کے دوران ٹریلر ٹرک سے ٹکرا گئی ۔ یہ حادثہ موٹروے 9 پر مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے پیش آیا ۔ البتہ 31 افراد کے شدید طور پر زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بس میں کس نوعیت کا ٹور گروپ سوار تھا ۔ اس حادثہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔