ٹریڈ یونینوں کا ملک گیر ہڑتال کا آج دوسرا دن ، کئی ریاستوں میں بند منایا گیا ، کلکتہ میں بس ڈرائیورس کو ہیلمٹ پہننے ریاستی حکومت کی ہدایت

ٹریڈ یونین کی دو روزہ ملک گیر ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے اور ممبئی، کولکاتا و اڈیشہ کے کئی مقامات پر بند کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کولکاتا-جادو پور روٹ کے بس ڈرائیوروں نے تو اپنی حفاظت کے لیے ہیلمٹ پہن رکھا ہے۔ ریاستی حکومت نے سبھی بس ڈرائیور کو بس چلانے کے دوران ہیلمٹ پہننے کا حکم دیا ہے۔

ٹریڈ یونین ورکس کی اس ملک گیر ہڑتال کی حمایت سی پی ایم سمیت کئی کسان و دیگر تنظیمیں بھی کر رہی ہیں۔ اس درمیان سی پی ایم لیڈر سجان چکرورتی اور ان کے حامیوں کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ وہ بھارت بند کی حمایت میں سڑکوں پر مودی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔

دوسری طرف ممبئی میں آج بھی ’بریہن ممبئی الیکٹریسٹی سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ‘ یعنی ’بیسٹ‘ ٹریڈ یونین ملازمین کی ہڑتال کی حمایت میں کھڑی نظر آ رہی ہے۔ بس ڈرائیوروں نے ہڑتال کر رکھی ہے جس سے بدھ کے روز بھی سواریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ بیسٹ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ بیسٹ کا بجٹ بی ایم سی کے ’اے‘ بجٹ میں ضم کیا جائے اور دیگر مسائل کا حل نکالا جائے۔