سنگاپور ۔ /10 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی منگل کوہونے والی تاریخی چوٹی ملاقات پر حکومت سنگاپور کی طرف سے 20 ملین امریکی ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں ۔ سنگاپور ان چند ممالک میں شامل ہے جس کے امریکی اور شمالی کوریا دونوں کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں ۔ سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسین لونگ نے ان تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے مفادات کے حق میں ایک اہم بین الاقوامی کاز کے لئے یہ ہمارا حصہ ہے ‘‘ دنیا بھر کے 2,500 صحافی ٹرمپ ۔ کم چوٹی ملاقات کی خبررسانی کے لئے پہونچے ہیں ۔ لی نے کہا کہ سنگاپور چوٹی ملاقات پر 20 ملین امریکی ڈالر کے مصارف عائد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ ہمارا حصہ ہے جو ہم ادا کرنے تیار ہیں ۔ سکیورٹی پر اس کی نصف رقم صرف ہوگی ‘‘ ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس چوٹی ملاقات سے جزیرہ نما کوریا میں ترقی کا ایک نیا راستہ ہموارہوگا ۔ اس دوران شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن نے میزبان وزیراعظم لی ہیسین سے ملاقات کی ۔ ہندوستانی نژاد وزیر خارجہ ویوئین بالا کرشنا نے کم کی یہاں آمد پر ان کا خیرمقدم کیا تھا ۔ (متعلقہ خبر صفحہ 4 پر)