ٹرمپ ۔ کم جونگ تاریخی ملاقات کی تیاریاں جاری : وائیٹ ہاؤس

امریکہ اور جنوبی کوریا نئے تجارتی معاہدہ پر آمادہ : وائٹ ہاؤس
واشنگٹن۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ کیا ہے، جس کی تفصیلات کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ وائیٹ ہاؤس پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس کے دوران اخباری نمائندوں کو بتایا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ ہم نے ایک معاہدہ کو قطعیت دی ہے جس کی تفصیلات کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ سارہ سینڈرس نے اس کے علاوہ دیگر کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ دوسری طرف کامرس سیکریٹری ولبر راس نے ٹی وی چیانل ’’فاکس بزنس‘‘ کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے یہ اشارہ دیا کہ جنوبی کوریا معاہدہ پر دستخط کے بعد امریکہ کو المونیم اور اسٹیل کی برآمد میں کمی کرے گا جو شاید 30% تک ہوسکتی ہے جسے ایک قابل لحاظ کمی سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر راس نے بتایا کہ یہ معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تجارتی جنگ کو ٹالا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کی سب سے اچھی خصوصیت یہ ہے کہ۔ یہ ایک پرامن اور بات چیت کے ذریعہ کیا جانے والا معاہدہ ہے جو فریقین کے لئے منفعت بخش ثابت ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق اس تجارتی معاہدہ سے امریکی آٹو میکرس کو مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل ہوگی اور امریکہ اور جنوبی کوریا کی اسٹیل کی درآمد بھی محدود ہوجائے گی۔

واشنگٹن۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں اس وقت ایک نیا جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن کی ہونے والی ملاقات کی پوری تیاریاں کی جارہی ہیں۔ وائیٹ ہاؤس پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس نے کل اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی ملاقات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا کی درخواست پر اس ملاقات کیلئے امریکی صدر ٹرمپ نے آمادگی کا اظہار کیا تھا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سارہ سینڈرس نے کہا کہ اب تک اس ملاقات کی تاریخ کا کوئی تعین تو نہیں ہوا ہے تاہم اس کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ دوسری طرف اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے بھی اپنی نیوز کانفرنس کے دوران کم و بیش وہی باتیں بتائیں جو سارہ سینڈرس نے بتائی تھیں۔ انہوں نے البتہ یہ بھی کہا کہ اس ملاقات کے لئے ہمیں نیشنل سکیورٹی کونسل (NSC) اور دیگر امریکی محکمہ جات اور ایجنسیوں کا تعاون حاصل رہے گا۔