’’ٹرمپ یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت نہیں کریں گے ‘‘

وجہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب ، مودی سے ڈسمبر میں G-20 چوٹی کانفرنس میں ملاقات کا امکان
واشنگٹن ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ سال ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت نہیں کریں گے۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ صدر موصوف کی بے انتہاء مصروفیات کی وجہ سے وہ ہندوستان کا دورہ کرنے سے قاصر ہیں۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال وزیراعظم ہند نریندر مودی نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران صدر ٹرمپ کو ہندوستان کے دورخی دورہ کی دعوت دی تھی۔ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری سارہ سینڈرس نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو یوں تو ہندوستان کی جانب سے دورہ کا دعوت نامہ ضرور ملا ہے لیکن اس تعلق سے اب تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ صدر ٹرمپ کیلئے یہ ایک اعزاز ہوگا کہ وہ آئندہ سال 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت فرما کر مشہور ومعروف یوم جمہوریہ پریڈ کا مشاہدہ کریں تاہم صدر موصوف پہلے سے ہی بیحد مصروف ہیں۔ سارہ سینڈرس سے صحافیوں نے سوال پوچھا تھا کہ آیا صدر ٹرمپ مودی کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کریں گے یا نہیں؟

جس کا جواب دیتے ہوئے سارہ سینڈرس نے یہ بات کہی اور تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین (SOTU) خطاب جو دونوں ایوانوں کیلئے کم و بیش اسی زمانے میں مقرر ہے، جب ہندوستان کا یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے۔ SOTU کا خطاب عام طور پر جنوری کے اواخر یا فروری کے اوائل میں ہوتا ہے۔ سارہ سینڈرس نے البتہ یہ وضاحت بھی کی کہ ٹرمپ اور مودی کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جسے ٹرمپ مزید مستحکم کرنے اپنے وعدہ کے پابند ہیں۔ یہی نہیں بلکہ شخصی طور پر بھی ٹرمپ کے مودی سے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں قائدین اب تک دوبار ملاقات کرچکے ہیں اور ٹیلیفون پر ان کی بات چیت کئی بار ہوچکی ہے جہاں وہ کبھی کبھی ایک دوسرے سے ہلکا پھلکا مذاق بھی کرتے ہیں۔ ٹرمپ ہندوستان اور امریکہ کے اسٹریٹیجک تعلقات مستحکم کرنے اپنے وعدہ کے پابند ہیں اور یہ بات بھی اپنی جگہ بالکل درست ہے کہ ٹرمپ خود بھی اس بات کے خواہاں ہیں کہ مودی سے جلد سے جلد آئندہ ملاقات کی جائے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ مودی اور ٹرمپ ارجنٹینا میں 30 نومبر اور یکم ؍ ڈسمبر کو G-20 چوٹی اجلاس میں شرکت کریں گے اور بہت ممکن ہیکہ دونوں قائدین کی وہاں ملاقات بھی ہوجائے۔ یاد رہیکہ ہندوستان میں یوم جمہوریہ تقاریب کا دھوم دھام سے اہتمام کیا جاتا ہے اور ہر سال کسی نہ کسی سربراہ مملکت کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا جاتا ہے۔ 2015ء میں اس وقت کے امریکی صدر بارک اوباما نے یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کی تھی جو ان کا بطور امریکی صدر ہندوستان کا دوسرا دورہ تھا جبکہ جاریہ سال دس آسیان ممالک کے سربراہان نے یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کی تھی۔ 2016ء میں فرانس کے سابق صدر فرانکوئی اولاند نے اور 2014ء میں وزیراعظم جاپان شینزوابے نے یوم جمہوریہ پریڈ میں شرکت کی تھی۔ اب تک جن اہم سربراہان مملکت نے یوم جمہوریہ تقاریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے ان میں نکولس سرکوزی، ولادیمیر پوٹن، نیلسن منڈیلا، جان میجر، محمد خاتمی اور جیکس شیراک کے نام قابل ذکر ہیں۔