واشنگٹن ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد اور قریبی رفیق تصور کئے جانے والے جارڈ کوشنر اس وقت سرکاری دورہ پر عراق میں موجود ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس وقت ان کے ساتھ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے صدرنشین جنرل جوڈنفورڈ بھی ہیں حالانکہ دورہ کی تفصیلات فوری طور پر معلوم نہیں ہوئی ہیں۔ تاہم اس بات کو یقینی تصور کیا جارہا ہے کہ بات چیت کا ایجنڈہ دولت اسلامیہ کے قلع قمع پر مرکوز ہوگا۔ یاد رہیکہ اس وقت امریکہ ایک بین الاقوامی فوجی اتحاد کی قیادت کررہا ہے جس کا مقصد دولت اسلامیہ کا خاتمہ ہے اور اسی مقصد کے لئے عراقی فوجوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے فضائی حملے بھی کئے جارہے ہیں۔ گذشتہ ایک ماہ سے مغربی موصل کے حصول کے لئے گھمسان کی لڑائی جاری ہے جہاں سے کم و بیش دو لاکھ افراد نے نقل مکانی کی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کوشنر کے پاس بھی اپنے سسر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرح حکومت چلانے کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں ہے تاہم اس وقت صورتحال یہ ہیکہ انہیں امریکہ کا ایک طاقتور ترین اور بااختیار شخص تصور کیا جارہا ہے۔ ٹرمپ اس وقت اپنے داماد پر سب سے زیادہ اعتماد کرتے ہیں اور خارجہ پالیسیاں تیار کرنے میں ان سے ہی مشورے طلب کئے جارہے ہیں اور اس طرح 36 سالہ کوشنر جو شکل و صورت سے بالکل بچوں کی طرح نظر آتے ہیں، اس وقت وائیٹ ہاؤس کے سینئر مشیر بن چکے ہیں۔ علاوہ ازیں صدر کی دختر 35 سالہ ایوانکا جو کوشنر کی بیوی ہیں، وہ بھی خارجہ پالیسی سازی میں اہم رول ادا کررہی ہیں اور صدر موصوف کو وقتاً فوقتاً مشورے دے رہی ہیں۔