ٹرمپ کے اشتعال انگيز فیصلے سے علاقائی عدم استحکام کا خطرہ:فلسطینی اتھاریٹی

اقوام متحدہ ۔ /7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے یکطرفہ اور اشتعال انگیز فیصلے کے تحت یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا گیا ہے ۔ اس سے اسرائیل کی غیرقانونی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ کشیدگیوں میں اضافہ ہوگا اور علاقے میں عدم استحکام پیدا ہوگا ۔ فلسطینی اتھاریٹی نے ایک انتباہی مکتوب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام روانہ کیا ہے ۔ جس کی نقل مستقل مبصرین کو بھی روانہ کی گئی ہے ۔ فلسطینی اتھاریٹی نے پرزور انداز میں کہا کہ اس انتہائی تغیر گزیر صورتحال کو عدم استحکام سے گریز کیلئے ضروری ہے کہ یہ فیصلہ واپس لے لیا جائے ۔ بصورت دیگر بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے خطرہ پیدا ہوجائے گا ۔