ٹرمپ کا غیرقانونی تارکین کیلئے ’’جانور‘‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کا دفاع

MS-13 گینگ کیلئے جانور کی اصطلاح استعمال کی گئی
قتل، عصمت ریزی، منشیات کی اسمگلنگ، اغوائ، انسانوں کی تجارت ۔
یہ سب کیا انسانی کام ہیں؟ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری سارہ سینڈرس

واشنگٹن ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج اپنے متنازعہ ’’جانور‘‘ لفظ کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیرقانونی تارکین اور بدنام زمانہ MS-13 نامی گینگ کا تذکرہ جب جب کریں گے لفظ ’’جانور‘‘ کا استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے حالانکہ ٹرمپ کو اس اصطلاح کے استعمال پر ڈیموکریٹک قائدین کی جانب سے زبردست تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا کہ MS-13 گینگ کیلئے ہی انہوں نے لفظ ’’جانور‘‘ کا استعمال کیا ہے جو بین الاقواممی سطح پر مجرمانہ کارروائیاں انجام دینے والی ایک گینگ ہے اور امریکہ میں 1980 کے دہے میں اس گینگ کا بول بالا تھا جس نے اپنی سرگرمیوں کو کینیڈا، میکسیکو اور وسطی امریکہ تک وسعت دی جبکہ اس گینگ سے تعلق رکھنے والے ارکان کی اکثریت کا تعلق بھی وسطی امریکہ خصوصی طور پر ال سلویڈور سے ہے۔ MS-13 گینگ کے ارکان اور دیگر بدنام زمانہ ٹولیوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی غیرقانونی طور پر امریکہ آتے ہیں۔ وائیٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان ’’گینگ ممبران‘‘ کو سرے سے انسان ہی نہیں سمجھتے۔ ان لوگوں میں ایسے ایسے وحشی ہیں جن سے انسانیت بھی شرمسار ہوجائے۔ حالانکہ ہماری پوری کوشش ہوتی ہیکہ ہم ان کو امریکہ سے نکال باہر کریں اور انہیں نکالا بھی جارہا ہے لیکن یہ کام مشکل اور خطرناک بھی ہے۔ کیلیفورنیا کے لاء انفورسمنٹ افسران کی موجودگی میں ایک گول میز کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے ’’جانور‘‘ کی اصطلاح استعمال کی تھی جس پر افسران بھی حیرت زدہ رہ گئے تھے۔ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری سارہ سینڈرس نے بھی اخباری نمائندوں کے سامنے اپنے صدر ٹرمپ کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف MS-13 گینگ کے ارکان کیلئے اس اصطلاح کا استعمال کیا تھاکیونکہ MS-13 گینگ نے ایسے ایسے جرائم کا ارتکاب کیا ہے جسے سن کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ کسی انسان کو چاقو کے لگاتار وار کرنا، کسی خاتون کی عصمت ریزی کرنا، انسانوں کی تجارت کرنا، اغواء کرنا، منشیات کی اسمگلنگ کرنا۔ یہ تمام ’’کارنامے‘‘ کیا انسانوں کے ہوسکتے ہیں؟ یہ تو کسی جانور کا ہی کام ہوسکتا ہے۔