ٹرمپ عالمی غنڈہ اور ولن۔ محاضر محمد

مسلم ممالک سے اسرائیل کے رشتوں کو کلی طور ختم کرنے کی اپیل کی ‘ کہا ‘ ہمیں اس ولن کے خلاف دستیاب سبھی وسائل کااستعمال کرنا چاہئے۔
کولالمپور۔صدر ٹرمپ کی جانب سے سبھی بین الاقومی اصول اور قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یروشلم کو صیہونی رایست کا درالخلافہ قراردینے پر برہم ملیشیا کے سابق وزیراعظم محاضر بن محمد نے انہیں عالمی غنڈہ اور ولن قراردیا ہے۔ محاضر محمد نے کوالالمپور میں امریکی سفار تخانے کے باہر منعقداحتجاجی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔

انہوں نے کہاکہ ’ آج عالمی غنڈہ ہمارے درمیان موجود ہے ‘ ٹرمپ تم جاؤ اور اپنے قد کا کسی کو تلاش کرو‘۔ انہوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ ٹرمپ کا یہ فیصلہ مسلمانوں کو غصے سے بھردے گا۔ انہوں نے مسلم ممالک سے اسرائیل کے ساتھ رشتوں کو کلی طور پر ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس ولن کے خلاف دستیاب سبھی وسائل کا استعمال کرنا چاہئے۔

سابق وزیر اعظم نے خبردار کیاکہ ٹرمپ کے فیصلے سے پیدا ہونے والا غم وغصہ دہشت گردی میں بدل جائے گا۔ایک دیگر اپوزیشن لیڈر نے اس احتجاجی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ملیشیائی حکومت پر زوردیا کہ وہ امریکہ میں سرمایہ کاری کے اپنے منصوبے کو تر ک کردے۔

ملیشیاء کے وزیراعظم نجیب رزاق نے گذشتہ ہفتے کہاتھا کہ امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کی درالحکومت کی منظوری دئے جانے کا تمام مسلم ممالک کو پرزور مخالفت کرنی چاہئے۔قابل غور ہے کہ ٹرمپ نے گذشتہ 7دہائیوں سے چلی آرہی روایت کو توڑ کر یروشمل کو اسرائیل کی راجدھانی کے طور پر منظوری دے دی ہے ۔

اس اعلان کے ساتھ ہی ٹرمپ نے امریکی سفار ت خانے کو تل ابیب سے یروشلم لے جانے کا حکم بھی دے دیا۔اس کے برعکس آرگنائزیشن آف اسلامک کواپریشن ( او ائی سی) نے یروشلم کو فلسطین کی راجدھانی کا اعلان کردیا ہے۔ او ائی سی نے امریکہ اس فیصلے کو مغربی ایشیاء میں امن کے لئے زبردست جھٹکا بتایا ہے۔