ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب نہیں ہوں گے : مہاترمحمد

کوالالمپور۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد نے کہا کہ ’’صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ’ناپسندیدہ صدر‘ بنتے جارہے ہیں اور انہیں اندازہ ہے کہ وہ آئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں دوبارہ صدر منتخب نہیں ہوں گے‘‘۔ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ ختم کرنے کے بارے میں مہاتر محمد نے کہا کہ ’’امریکہ نے نیوکلیئر معاہدہ سے نکل کر دُنیا میں یکا و تنہا ہوگیا ہے اور وزیراعظم ملائیشیا نے ایک ٹی وی چیانل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ک ہم ایران کے ساتھ ہونے والے نیوکلیئر معاہدہ کو ایک عالمی معاہدہ سمجھتے ہیں۔ امریکہ نے یہ معاہدہ توڑ کر بہت بڑی غلطی کی ہے، جس کے نتیجہ میں وہ آج دنیا میں یکا و تنہا رہ گیا ہے۔ یوروپی یونین بھی اس عالمی معاہدے کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔ صدر ٹرمپ جیسے شخص کیساتھ کام کرنے کو عالمی قائدین مشکل تصور کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ 6 قومی نیوکلیئر معاہدہ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور ایران پر کئی تحدیدات عائد کرتے ہوئے ایران کو معاشی طور پر پریشان کردیا ہے۔ وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد نے کہا کہ امریکی صدر اپنی پالیسیوں سے بتدریج عالمی منظر سے دُور ہوتے جارہے ہیں۔