ٹرمپ جیسے احمق کی حکمرانی امریکہ کے دیوالیہ کی علامت : داعش

واشنگٹن ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’بیوقوف اور احمق‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اقتدار پر ان کا فائز  ہونا امریکہ کے دیوالیہ پن کی علامت ہے۔ ٹرمپ کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ انہیں نشانہ بناتے ہوئے دہشت گرد گروپ آئی  ایس آئی ایس نے اپنے ترجمان ابو حسن المہاجر کے ذریعہ جاری کردہ 36 منٹ کے آڈیو ٹیپ میں احمق قرار دیا اور کہا کہ امریکی صدر اسلام کے بارے میں کچھ نہیں  جانتے۔ امریکہ کو ایک دیوالیہ ملک قرار دیتے ہوئے داعش نے کہا کہ ’’آپ (امریکہ) کے وجود کے خاتمہ کی علامت اب سب پر عیاں ہوچکی ہے۔ ان علامات میں سب سے واضح یہ ہیکہ آپ (امریکی (عوام) ایک ایسے بیوقوف اور احمق کی حکمرانی میں ہیں جو نہیں جانتا کہ شام اور عراق کیا ہیں یا پھر اسلام کیا ہے۔ وہ (صدر) اسلام  کے خلاف مسلسل جنگ اور نفرت کا اظہار کررہا ہے‘‘۔ داعش پروپگنڈہ میں کہا گیا ہیکہ ٹرمپ ’’اسلام کے خلاف نفرت و جنگ کا اظہار کررہے ہیں‘‘۔ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ اسلامک اسٹیٹ نے ٹرمپ کو ان کاعہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ نشانہ بنایا ہے۔ امریکہ کی قیادت میں  ایک بڑا فوجی اتحاد جس میں سعودی عرب اور چند دیگر عرب و یوروپی ممالک شامل ہیں۔ داعش کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے جس کے نتیجہ میں عراق اور شام کے ایک بڑے حصہ کو جس پر اس دہشت گرد تنظیم کے قبضہ سے آزاد کروالیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے 2014ء سے عراق اور شام میں تباہی مچانے والی جہادی تنظیم داعش کا مکمل صفایا کردینے کا عہد کیا ہے۔ ٹرمپ کو اسلام کے بارے میں ان کے متنازعہ بیانات پر بالعموم سخت تنقید و مذمت کا سامنا بھی رہا ہے۔