ٹاٹا بوئنگ ایرو اسپیس سنٹر کا افتتاح

وزیر دفاع نرملا سیتارامن ، رتن ٹاٹا اور کے ٹی آر کی شرکت
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ آدی بٹلہ میں ٹاٹا بوئنگ ایرو اسپیس سنٹر کا افتتاح کیا ۔ مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن اور ٹاٹا گروپ کے سربراہ رتن ٹاٹا اور ریاستی وزراء کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے ۔ ٹاٹا اڈوانس سسٹم اور بوئنگ ڈیفنس اسپیس اینڈ سیکوریٹی کا یہ مشترکہ وینچر 13 ایکر اراضی پر 200 کروڑ روپئے کی مالیت سے قائم کیا جائے گا ۔ اس سنٹر میں اپاچی اٹیک ہیلی کاپٹر تیار کئے جائیں گے اور انہیں درآمد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بوئنگ AH-64 کے اسپیر پارٹس بھی تیار ہوں گے۔ حیدرآباد میں طیاروں کے پرزوں کی تیاری سے متعلق یہ یونٹ جلد ہی کام کرنا شروع کردے گا ۔ رنگا ریڈی ضلع میں ایس ای زیڈ کے تحت پہلا ایرو اسپیس سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے بوئنگ کی جانب سے حیدرآباد میں سرمایہ کاری پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ہیلی کاپٹر اور طیاروں کے پرزوں کے یونٹ کے قیام کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ انہیں خوشی ہے کہ کمپنی میں حیدرآباد کو موزوں مقام کی حیثیت سے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ یونٹ مستقبل میں فل بلون ایر کرافٹ تیار کرے گا۔ انہوں نے حیدرآباد کو دفاعی آلات کی تیاری سے متعلق مرکز قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان میں ٹکنالوجی کے مرکز کی حیثیت سے حیدرآباد تیزی سے ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے ڈیفنس الیکٹرانکس اور ڈیفنس انکیوبیٹر شعبہ جات میں مرکزی حکومت سے تعاون کی خواہش کی ۔ اسی دوران ٹاٹا گروپ نے دیگر شعبہ جات میں تلنگانہ حکومت سے تعاون کا پیشکش کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹاٹا گروپ کی تلنگانہ سے کافی قربت ہے اور مختلف شعبوں میں یہ خدمات انجام دے رہا ہے ۔