چینائی:مقدس ماہ صیام کے دوران مساجد میں چاول کی سپلائی کو ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پالنی سوامی نے منظور دیدی ہے۔ٹاملناڈو کی تقریباً3000مساجد میں 4,900ٹن چاول ماہ رمضان میں سپلائی کیاجائے گا۔سرکاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ اس زائد اخراجات کے لئے حکومت نے سرکاری خزانے سے 12.60کروڑ کی رقم مختص کی ہے۔
مذکورہ اسکیم کوانجہانی چیف منسٹر جئے للتیا نے شروع کی تھی اور اس کا مسلم کمیونٹی کی جانب سے خیر مقدم بھی کیاگیا ۔چاول کی سپلائی کے لئے اس کے بعد مختلف گوشوں سے درخواستیں بھی حاصل کی جائیں گی۔ بیان میں کہاگیا کہ ضلع کلکٹر دستاویزات کی جانچ کے بعد مختلف مساجد میں چاول کی تقسیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اے ئی اے ڈی ایم کے ترجمان ’ ڈاکٹر ناماڈھو ایم جی آر‘نے اپنے سال2015کے ایڈیشن میں لکھاتھا کہ مذکورہ اسکیم کا پاکستانی ٹی وی چیانل نے خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ملک میں اس طرح کی اسکیم کی تجویز پیش کی تھی۔پارٹی ترجمان میں کہاگیا ہے کہ’’ ایک پاکستانی ٹیلی ویثرن ’ ساما‘ نے چیف منسٹر جئے للیتا کی اس مفت چاول اسکیم کو نشرکیا جو مقدس ماہ صیام میں شروع ہوتی ہے اورپاکستان حکومت کو تجویز دی کہ اسی طرح اسکیم اپنے ملک میں بھی شروع کی جائے‘‘