نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین سے متعلق امور کے ماہر سمجھے جانے والے کہنہ مشق سفارتکار وجئے کیشو گوکھلے کو آئندہ معتمد خارجہ مقرر کیا گیا ہے جو ایس جئے شنکر کے جانشین ہوں گے۔ جئے شنکر اپنی توسیع شدہ میعاد رواں ماہ کے آخر میں مکمل کریں گے۔ گوکھلے جو انڈین فارن سرویس کے 1981ء بیاچ کے افسر ہیں۔ سکم کے قریب بھوٹان اور ہند ۔ چین سرحد کے درمیان ڈوکلم ٹرائی جنکشن پر ہندوستانی فوج اور چینی عوام آزادی فوج کے درمیان 73 روزہ تعطل کی یکسوئی کے لئے ہند ۔چین مذاکرات میں کلیدی رول انجام دے چکے ہیں۔ 58 سالہ گوکھلے فی الحال وزارت امورخارجہ میں (اقتصادی تعلقات) سکریٹری ہیں۔ 20 جنوری 2016ء سے 21 اکٹوبر 2017ء تک چین میں ہندوستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس عہدہ پر گوکھلے کی میعاد دو سال ہوگی۔