ویڈنگ گفٹ کھولنے پر دھماکہ ، دولہا ہلاک ، دولہن زخمی

دھماکہ سے دادی بھی ہلاک ،پولیس کو نامعلوم مہمان کی تلاش
بھوبنیشور۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ریاست اڈیشہ کے راولکیلا میں پیش آئے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ میں ایک شادی شدہ دلہا اس وقت ہلاک ہوگیا جب وہ انہیں شادی کے موقع پر موصول ہوئے تحفوں کے باکس کو کھول رہا تھا۔ اطلاع کے مطابق استقبالیہ کے دوران مختلف رشتہ داروں اور دوست احباب کی جانب سے روایت کے مطابق تحفے تحائف دیئے گئے۔ شادی کے پانچ دن بعد آج جب وہ تحفوں کے ایک باکس کو کھول رہا تھا کہ اچانک زبردست دھماکہ ہوا جس سے اس کے بازو میں بیٹھی ہوئی دولہے کی دادی برسرموقع ہلاک ہوگئی اور دولہا جو شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا، دواخانہ منتقلی کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا جبکہ دلہن کو گہرے زخم آئے جن کا علاج کیا جارہا ہے۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ شادی کے دن کس شخص نے انہیں یہ تحفہ کا باکس دیا تھا اور اس میں کس قسم دھماکو مواد استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ استقبالیہ کے بعد یہ باکس گھر لایا گیا تھا اور جب اسے کھولا گیا تو زبردست دھماکے کے ساتھ شادی کی خوشیوں کا یہ گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا۔بلنگیر چیف میڈیکل آفیسر ایس مشرا نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے فوری بعد دولہا ، اس کی دادی اور دولہن کو راوکیلا میں موجود ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا جہاں دادی کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ دولہا علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا تاہم دولہن جو بری طرح سے زخمی ہوگئی تھی ، برلا کے سرکاری دواخانہ میں اس کا علاج کیا جارہا ہے۔