ممبئی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فلمی کہکشاں کے بہت خوبرو ستاروں میں شامل ونود کھنہ کینسر کے سبب آج صبح یہاں ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ بالی ووڈ میں دلوں کی دھڑکن کے طور پر معروف ونود کھنہ کی خاص طور پر امر اکبر انتھونی، قربانی اور انصاف جیسی فلموں سے کافی شہرت ہوئی۔ اُن کی عمر 70 سال تھی۔ اداکار و ایم پی (لوک سبھا) کے برادر پرمود کھنہ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ صبح 11.20 کو اُن کا دیہانت ہوا۔ اُنھیں سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن ہاسپٹل میں شدید ڈی ہائیڈریشن سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے ساتھ 31 مارچ کو شریک کیا گیا تھا۔ دواخانہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ونود کھنہ کو بلاڈر کینسر لاحق تھا۔ اُن کے پسماندگان میں بیوی کویتا کھنہ اور چار بچے راہول، اکشے، ساکشی اور شردھا ہیں۔ راہول اور اکشے جو دونوں ایکٹرس ہیں، اُن کی پہلی بیوی گیتانجلی کی اولاد ہیں۔ ہندی فلم انڈسٹری کے نہایت ہینڈسم ایکٹرس میں شامل ونود کھنہ نے اپنے ایکٹنگ کیرئیر کی شروعات 1968 ء میں فلم ’’من کا میت‘‘ سے کی تھی۔ اپنے کئی ابتدائی فلموں میں اُنھوں نے منفی (ویلن) اور معاون اداکار کے رول کئے تھے۔ اُن کی صلاحیتوں کو سب سے پہلے گلزار کی فلم ’’میرے اپنے‘‘ (1971 ء) میں نوٹ کیا گیا۔ بعد میں وہ منفی کردار میں بالخصوص فلم ’’میرا گاؤں میرا دیش‘‘ (ہیرو، ہیروئن : دھرمیندر ، آشا پاریکھ) سے بہت مشہور ہوئے۔ بعد میں سوپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ اُن کی جوڑی مقبول ہوئی اور دونوں نے کئی کامیاب فلموں جیسے امر اکبر انتھونی، ہیرا پھیری، مقدر کا سکندر و دیگر میں کام کیا۔ ونود کھنہ اپنے عروج کے دور میں یکایک فلموں سے پانچ سالہ وقفہ لیتے ہوئے 1982 ء میں پونے میں اوشو رجنیش کے آشرم چلے گئے تھے۔ بعد میں اُنھوں نے انصاف ، دیاوان اور ستیہ میو جیتے جیسے فلموں کے ساتھ واپسی کی تھی۔ اُنھیں آخری مرتبہ 2015 ء میں شاہ رخ خان کی فلم دل والے میں دیکھا گیا تھا۔ ونود کھنہ سرگرم سیاستداں بھی رہے اور پنجاب میں گرداس پور سے رکن پارلیمنٹ تھے۔ موجودہ طور پر رکن لوک سبھا نے یہ نشست چار مرتبہ جیتی تھی۔
ونود کھنہ کے انتقال پر وزیراعظم، سونیا گاندھی و دیگر کا اظہار تعزیت
نئی دہلی ممبئی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی ، صدر کانگریس سونیا گاندھی اور بالی ووڈ نے امیتابھ بچن کی قیادت میں آج ونود کھنہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ اُنھیں مقبول اداکار اور مخلص لیڈر کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اُنھیں ونود کھنہ کے انتقال کی خبر سن کر دُکھ ہوا اور وہ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ ونود جی کی کرشماتی شخصیت تھی حالانکہ وہ سادگی پسند تھے۔