ویویکا نند ریڈی کی سی بی آئی تحقیقات کروانے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا مطالبہ 

حیدرآباد: سابقہ وزیر اعلیٰ غیر منقسم آندھراپردیش وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے چھوٹے بھائی او ر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی کے چاچا وائی ایس ویویکانند ریڈی اپنے مکان واقع کڑپہ آندھراپردیش میں جمعہ کی صبح مشتبہ حالت میں مردہ میں پائے گئے ہیں ۔ ان کی عمر 68برس تھی ۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک لڑکی شامل ہیں ۔ ابتد اء میں یہ کہا جارہا تھا کہ ان کی موت قلب پر حملہ کی باعث ہوئی ہے ۔

لیکن ان کے شخصی مددگار ( پی اے ) نے پولیس میں ان کی مشتبہ موت پر شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے کیس درج کرنے کے بعد فوری تحقیقات کاآغاز کردیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کردیا ۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق انہیں جسم پر سات زخموں کے نشان موجود ہیں جن میں چار ان کے سرپر ہیں ۔ تحقیقاتی ایک ٹیم نے ان کے مکان کی تلاشی لی جن سے یہ پتہ لگتا ہے کہ ان موت طبعی نہیں بلکہ انہیں مارا گیا ہے ۔

سپرینڈنٹ آف پولیس کڑپہ راہل دیو شرما نے بتایا کہ پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے ۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان واسی ریڈی پدما سی بی آئی سے اس معاملہ کی تحقیقات کروانے کامطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ویویکا نند ریڈی پولی ویندلو سے 1989اور 1994میں دو مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں ۔ 1999اور 2004میں کڑپہ سے لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں ۔بعد ازاں انہوں نے کرن کمار ریڈی کی کابینہ میں ایم ایل سی اور ایک وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ اطلاع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی نعش ان کی رہائش گاہ کڑپہ میں لائی جائے گی بعد ازاں ہفتہ کی شام میں ان کی آخری رسومات پوری کی جائے گی ۔