کراکس ،29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وینزویلا میں ایک پولیس اسٹیشن میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 68 افراد ہلاک ہو گئے ۔ حکام نے بتایا ہے کہ ویلینشیا نامی شہر میں یہ واقعہ چہارشنبہ کو اس وقت رونما ہوا، جب قیدیوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گدوں کو آگ لگا دی۔ آتشزدگی کی خبر کے بعد قیدیوں کے رشتہ دار پولیس اسٹیشن پہنچ گئے ، جنہیں منشتر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ اٹارنی جنرل طارق صائب نے بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں زیادہ تر قیدی ہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس حادثہ کی وجہ جاننے کے لیے جلد ہی جامع تفتیش شروع کر دی جائے گی۔