دیرینہ مطالبات کی عدم یکسوئی پر ناراضگی ، پرنسپل کے تحریری تیقن پر دھرنے سے دستبرداری
حیدرآباد ۔ 8۔ اگست (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کالج آف ویمنس کوٹھی کی طالبات نے دیرینہ مطالبات کے حق میں آج کالج کے روبرو مظاہرہ کیا۔ طالبات نے دھرنا منظم کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کی فی الفور یکسوئی کی جائے۔ دھرنے کے سبب علاقہ میں ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ۔ طالبات کی جانب سے پرنسپل کو ایک یادداشت پیش کی گئی جس میں کالج اور ہاسٹل کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کیا گیا ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ طالبات کئی ایک مسائل سے دوچار ہیں اور حکام کی لاپرواہی کے سبب صورتحال دن بہ دن بگڑ رہی ہے ۔ انہوں نے اسکالرشپ، تمام بلاکس میں پینے کے پانی کی سہولت ، واش رومس کی تعمیر ، کالج کے تمام ڈپارٹمنٹس میں آلات کی فراہمی ، لائبریری فیس ، لائبریری کے اوقات اور کتابوںکی فراہمی اور لنچ کے اوقات میں تبدیلی جیسے مطالبات شامل ہیں۔ طالبات نے اڈمنسٹریٹیو بلاک کے اسٹاف کے رویہ کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈپارٹمنٹ کیلئے مستقل کلاسیس فراہم کی جائے ۔ طالبات نے دھمکی دی کہ اگر مطالبات کی فوری یکسوئی نہیں کی گئی تو وہ کالج اور ہاسٹل کی کوئی فیس ادا نہیں کریں گے۔ کالج کے پرنسپل نے تحریری طور پر تیقن دیا کہ کالج کے شرائط و ضوابط کے مطابق تمام مسائل کی یکسوئی کی جائے گی ۔ احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری جمیعت کو تعینات کیا گیا تھا اور خاتون پولیس عہدیدار اور کانسٹبلس نے احتجاجی طالبات کو دھرنا ختم کرنے کیلئے راضی کرلیا ۔