’ وہ تمہارے کارکن نہیں بلکہ میرے جاسوسی ہیں ‘

ریونت ریڈی نے حکومت کو چکمہ دیدیا ، انٹلی جنس کا سنسنی خیز انکشاف
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریونت ریڈی نے حکمران ٹی آر ایس کو چکمہ دیتے ہوئے پل پل کی اطلاع سے باخبر رہنے کے لیے اپنے حامیوں کو ٹی آر ایس میں شامل کرایا ہے ۔ انٹلی جنس نے حکمران جماعت اور ذمہ داروں کو چونکا دینے والے انکشاف کرتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ریونت ریڈی ایک شعلہ بیان مقرر ہے اور ابتداء سے حکمران ٹی آر ایس کے خلاف پرچم اٹھائے ہوئے ہیں ۔ دہلی میں انہوں نے کانگریس ہائی کمان کے سینئیر قائدین سے ملاقات کی تھی تب سے تلنگانہ تلگو دیشم میں بحران پیدا ہوگیا تھا ۔ اس وقت حکمران ٹی آر ایس ریونت ریڈی کو کمزور کرنے اور ان پر ذہنی تناؤ بڑھانے کے لیے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے تلگو دیشم اور کانگریس کے مقامی قائدین کو تین مرحلوں میں تلنگانہ بھون طلب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ریاستی وزراء کے ٹی آر اور مہیندر ریڈی ، ایٹالہ راجندر کی موجودگی میں انہیں ٹی آر ایس میں شامل کرتے ہوئے اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی تھی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت کی تمام تدابیر کو ناکام بنانے اور ان کے خلاف رچی جانے والی پل پل کی سازش کا پتہ لگانے کے لیے ریونت ریڈی نے ہی اپنے چند حامیوں کو حکمران ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی سیشن کے دوران ہی انٹلی جنس نے حکومت کو اس کی رپورٹ دی ہے کہ پارٹی میں ہر ایک کو شامل کرنے سے قبل ان کے بارے میں معلومات حاصل کرلیں ۔ ریونت ریڈی ایک چالاک اور سیاسی بصیرت رکھنے والے قائد ہیں ۔ انہوں نے کانگریس میں شمولیت کے بعد ابھی تک میڈیا کے ساتھ رسمی و غیر رسمی کوئی بات چیت نہیں کی ۔ ان کی خاموشی پر حکمران ٹی آر ایس اور تلگو دیشم دونوں حیرت زدہ ہیں ۔ صرف انہوں نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو انہیں ( ریونت ریڈی ) کو چور اور بدعنوان کانگریس میں شامل ہونے کا الزام عائد کرنے کے بعد 2016 کے دوران کے ٹی آر کے سرکاری دورے ملیشیا میں غیر سرکاری طور پر شامل رہنے والے ستیم راما لنگا راجو کے فرزند کے ساتھ کے ٹی آر کی تصویر پہلی مرتبہ ٹوئیٹر پر پیش کرتے ہوئے اسکام میں ملوث رہنے والے افراد کی کون حوصلہ افزائی کررہے ہیں اس کا خاموشی میں ثبوت پیش کردیا۔ ان کا ٹوئیٹ تیزی سے وائرل ہوگیا ۔۔