واشنگٹن ؍ ابوظہبی ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) پرنس محمد بن زید جو یو اے ای کے حکمراں بھی ہیں اور جو ملک کی 1.3 کھرب ڈالرس کی دولت پر کنٹرول بھی رکھتے ہیں، کو عالم عرب کا ممکنہ طور پر سب سے زیادہ بارسوخ قائد تصور کیا جاتا ہے۔ ان کی خصوصی افواج اس وقت یمن، لیبیا، صومالیہ اور مصر میں موجود ہیں۔ دی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 58 سالہ ولیعہد جنہیں MBZ کے مخفف سے جانا جاتا ہے، کو امریکہ میں بھی ایک ایسی شخصیت کا اعزاز حاصل ہے جس کی ہدایتوں پر امریکی حکومت بھی غوروخوض کرنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ ملک کی 1.3 کھرب ڈالرس کی دولت کسی بھی دیگر عرب ملک سے زیادہ ہے جبکہ یو اے ای کی افواج کو بھی دیگر عرب ممالک کی افواج کے مقابلہ زیادہ چاق و چوبند، مستعد، فن سپہ گری سے واقف قرار دیا جاتا ہے۔