وفاقی محاذ کی کوشش ‘ کے سی آر کی آج کروناندھی سے ملاقات

حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) : وفاقی محاذ کی تشکیل کے سلسلے میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر 29 اپریل کو چینائی پہونچکر ڈی ایم کے قائد سابق چیف منسٹر کروناندھی سے ملاقات کریں گے ۔ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو حیدرآباد پہونچ کر کے سی آر سے ملاقات کریں گے ۔ فیڈرل فرنٹ کی تشکیل میں مصروف کے سی آر 29 اپریل کو صبح 11 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے خصوصی طیارے میں چینائی روانہ ہوں گے ۔ دوپہر 1-30 بجے ایم کروناندھی سے ملاقات کریں گے ۔ بعد ازاں 2 بجے دن ڈی ایم کے ورکنگ پریسیڈنٹ اسٹالن سے خصوصی ملاقات کرکے کانگریس و بی جے پی کے متبادل فیڈرل فرنٹ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ واضح رہے کہ اس سلسلے میں چیف منسٹر کے سی آر نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سابق وزیراعظم دیوے گوڑا سے ملاقات کرکے فیڈرل فرنٹ کی تشکیل پر مذاکرات کرچکے ہیں ۔ 29 اپریل کو دوپہر میں ڈی ایم کے قائدین سے ملاقات کے بعد کے سی آر شام میں ٹاملناڈو کے دوسرے قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ چینائی میں شب بسری کے بعد وہ پیر کو دوپہر حیدرآباد واپس ہونگے ۔ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں سماج وادی پارٹی صدر سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو حیدرآباد پہونچکر فیڈرل فرنٹ کی تشکیل پر کے سی آر سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر بعد ازاں چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک سے بھی ملاقات کریں گے ۔