تروپتی 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تروپتی میںلارڈ وینکٹیشورا مندر میں پوجا کی ۔ان کا مندر میں آمد پر منتروں کی گونج میں روایتی استقبال کیا گیا ۔ مندر کے بڑے پجاری انہیں درشن کے مقام تک لے گئے ۔ ان کے ساتھ مندر کے دوسرے عہدیدار بھی موجود تھے۔ ٹی ٹی ڈی کے صدر نشین سی ایچ کرشنا مورتی نے بتایا کہ مودی نے مندر میں پوجا کی ۔ وہ تقریبا 20 منٹ تک مندر میں رہے ۔ وزیر اعظم سری وینکٹیشورا یونیورسٹی میں 104 ویں انڈین سائینس کانگریس کا افتتاح کرنے کے بعد بذریعہ سڑک یہاں پہونچے تھے ۔ مندر میں پوجا کے بعد وزیر اعظم کو ایک سلک کے کپڑے سے تہنیت پیش کی گئی اس کے علاوہ انہیں لڈو کا پرساد بھی دیا گیا ۔ مندر کے پجاریوں نے وزیر اعظم کو آشیرواد سے بھی نوازا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو ‘ گورنر ای ایس ایل نرسمہن بھی تروپتی کے چھ گھنٹوں کے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ تھے ۔ 2014 میں وزیر اعظم بننے کے بعد مودی کا یہ تروپتی کا دوسرا دورہ ہے ۔ انہوں نے گذشتہ سال 22 اکٹوبر کو بھی مندر میں پوجا کی تھی ۔